دبئی ۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور پیٹر سیڈل نے 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو ٹیم کا سب سے اہم بیٹسمین قرار دیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی اور سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہو گا۔آسٹریلیا کو اس سیریز میں زخمی جوش ہیزل ووڈ کی خدمات حاصل نہیں لیکن ٹیم کے سب سے اہم فاسٹ بولر مچل اسٹارک پاکستان کا امتحان لینے کے لیے موجود ہوں گے اور ان کی مدد کے لیے تقریباً 2 سال بعد پیٹر سیڈل کو ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔دونوں فاسٹ بولروں نے پاکستان کے اوپنراظہر علی کو ٹیم کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو میچ میں فتح کے لیے ان کی وکٹ جلد حاصل کرنا ہو گی۔مچل اسٹارک نے کہا کہ پاکستان کے پاس معیاری بیٹنگ لائن ہے لیکن مصباح الحق اور یونس خان کی سبکدوشی کے بعد وہ نسبتاً ناتجربہ کار ہے لہٰذا اگر ہم اظہر علی جیسے اہم بیٹسمین کی ابتدا میں ہی وکٹ حاصل کر لیتے ہیں تو یہ ہمارے لیے بڑی کامیابی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اظہر علی ہمارے خلاف کافی رنز اسکور کر چکے ہیں اور طویل وقت تک بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اگر ہم انہیں جلدی آؤٹ کرکے پاکستانی مڈل آرڈر کو نئی گیند کا سامنا کرنے پر مجبور کرتے ہیں یہ ہمارے لیے بہترین آغاز ہوگا۔ اسٹارک نے مزید کہا کہ یہ بالکل غلط نہیں کیونکہ اظہر علی اب تک آسٹریلیا کے خلاف 7 ٹسٹ میچوں میں 3 سنچریوں اور4 نصف سنچریوں کی بدولت تقریباً 70 کی اوسط سے رنز بنا چکے ہیں۔ا