دبئی۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ 2014ء کے نتائج کی صحیح پیش قیاسی کرنے پر متحدہ عرب امارات میں دو ہندوستانیوں کو مشترکہ طور پر ایک قیمتی کار انعام میں دی گئی ہے۔ان دو ہندوستانیوں کا تعلق جنوبی ریاست کیرالا سے ہے اور اسمعیل پلپ پدم اور محمد بشیر کو ہونڈائی جنیسیس کار کی چابی حوالے کی گئی جیسا کہ ان افراد نے نیشنل فیفا کپ مقابلے میں شرکت کرتے ہوئے نتائج کی صحیح پیش قیاسی کی ۔ اسمعیل اور بشیرساتھی ہیں جو کہ العین میں فوٹو گرافی اسٹوڈیو چلاتے ہیں ۔ 30سالہ اسمعیل فوٹو گرافر ہے اور وہ انعام حاصل کرنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسے ناقابل یقین قرار دیا ہے ۔ اسمعیل نے مزید کہا کہ جب انہیں فون کال پر مطلع کیا گیا کہ وہ کار جیت چکے ہیں تو انہیں خوشگوار حیرت ہوئی تاہم وہ خدا کے شکر گذار ہیں ۔ 27سالہ بشیر ڈیلیوری ڈرائیور ہیں اور دونوں دوستوں نے کہا ہے کہ وہ کار کو فروخت کرتے ہوئے اس سے حاصل ہونے والے پیسوں کو تجارت اور اپنے بچوں کی تعلیم میں مشغول کریں گے ۔ بشیر کا کہنا ہے کہ کیرالا سے ان کی اہلیہ اور تین بچے یہاں پہنچنے والے ہیں اور اس موقع پر انعام کا ملنا ان کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے ۔ نیز وہ اس انعام سے حاصل ہونے والی رقم کو بچوںکی تعلیم پر خرچ کریں گے ۔