پہلا ٹسٹ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے کلدیپ یادو کو 4 وکٹیں
دھرم شالہ ۔25 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) اپنے کیرئیر کا پہلا ہی ٹسٹ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو نے یادگار مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں لیں اور آسٹریلیائی ٹیم کو یہاں شروع ہوئے فیصلہ کن ٹسٹ کے پہلے ہی دن 300 رنز پر آل آؤٹ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ۔ 22 سالہ کلدیپ جوکہ زخمی کپتان ویراٹ کوہلی کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے تھے ، انھوں نے 23 اوورس میں 68 رنز کے عوض چار وکٹیں لیتے ہوئے ابتدائی سیشن میں مستحکم موقف میں دکھائی دینے والی آسٹریلیائی ٹیم کو پہلے ہی دن ڈھیر کرنے میں اپنا نام نمایاں کرلیا۔ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کئے جانے والے بائیں ہاتھ کے ریسٹ اسپنر کلدیپ نے کھانے کے وقفہ کے بعد نصف سنچری مکمل کرچکے ڈیوڈ وارنر کو ، پھر اُس کے بعد ہینڈس کومب اور گلین میکسویل کو یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے آسٹریلیاکو کاری ضرب لگائی ۔ دن کے اختتام پر ہندوستانی اننگز میں ایک اوور کا کھیل ہوا اور جوش ہیزل ووڈ کے اس اوور کو لوکیش راہول نے اعتماد کے ساتھ کھیلا لیکن اس میں کوئی رن نہیں بن سکا ۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے بولروں کیلئے سازگار تصور کی جانے والی وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بھونیشور کمار کی پہلی ہی گیند پر ڈیوڈ وارنر کا سلپ میں کیچ چھوڑا گیا ، لیکن دوسرے اوور میں اُمیش یادو نے سیریز میں آسٹریلیا کیلئے بہترین مظاہرہ کرنے والے اوپنر میاٹ رنشا کو بولڈ کیا اور اس وقت آسٹریلیائی ٹیم کااسکور صرف 10 رنز تھا ۔
ابتدائی نقصان کے بعد ڈیوڈ وارنر اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے دوسری وکٹ کیلئے 134 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی طرف گامزن کیا لیکن اس موقع پر کلدیپ نے 56 کے انفرادی اسکور پر وارنر کو سلپ میں کارگذار کپتان اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ حریف کپتان اسٹیو اسمتھ شاندار فام کے سلسلے کو یہاں دھرم شالہ کے میدان پر بھی جاری رکھتے ہوئے اپنے کیرئیر کی 20 ویں سنچری اسکور کرلی ہے اور انھوں نے 111 رنز کی اننگز ایک ایسے وقت کھیلی جب دوسرے سرے سے یکے بعد دیگرے وکٹیں گر رہی تھیں۔ اسمتھ نے سیریز میں تیسری سنچری اسکور کرلی ہے ، جبکہ ہندوستان کے خلاف یہ ان کی آٹھویں سنچری ہے ۔ وارنر اور اسمتھ کے بعد ٹیم کے لئے قابل ذکر اسکور کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین میتھو ویڈ رہے جنھوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 300 تک پہونچایا ۔ اُمیش یادو نے 15 اوورس میں 69 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ روی چندرن اشون 23 ا وور میں 54 رنز کے عوض ٹیم کے لئے سب سے اہم اسمتھ کی وکٹ حاصل کی ۔ رویندر جڈیجہ اور بھونیشور کمار کو بھی فی کس ایک وکٹ ملی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کو سب سے زیادہ نقصان کانپور سے تعلق رکھنے والے کلدیپ نے پہونچایا ۔ جیسا کہ انھوں نے دوسرے سیشن میں آسٹریلیا کو 71 رنز کے اضافہ پر پانچ وکٹوں کا نقصان برداشت کرنے پر مجبور کیا۔