اسمتھ کی کتاب جرائم کے زمرہ میں منتقل

نئی دہلی۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بال ٹیمپرنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو سخت سزائیں شاید ناکافی ہیں کیونکہ معاملہ اس سے کہیں آگے نکل چکا ہے۔ ڈائی موکس برسبین نامی بک اسٹور(کتابوں کی دکان) میں معطل شدہ آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کی سوانح ’’دی جرنی‘‘کو عام کتابوں کے مقام سے نکال کر حقیقی جرائم کی کتابوں کے سیکشن میں منتقل کردیا گیا حالانکہ ایک ہفتے قبل یہاں اس کتاب کی دستخط شدہ کاپیاں دستیاب تھیں۔سوشل میڈیا پر اسی کتاب کو کسی نامعلوم مقام پر 24 کے بجائے صرف دو ڈالرز میں ’’کلیئرنس سیل ‘‘ پر فروخت ہوتا ہوا بھی دکھایا گیا ہے جسے سابق ہندوستانی سابق کپتان بشن سنگھ بیدی نے بھی ٹوئٹر پر شائع کیا ہے۔