شارجہ ۔ /7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کی جانب سے میچ کی پہلی ہی گیند پر اپنے ساتھی اوپنر آرون فنچ کو آؤٹ کرنے کے بعد نوجوان بیاٹسمین اسٹیوین اسمتھ نے اپنے ونڈے کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے یہاں منعقدہ پہلے ونڈے میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم کے اسکور کو 255/8 تک پہونچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ اسمتھ نے 118 گیندوں میں 101 رن اسکور کئے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل ہیں ۔ آسٹریلیا کیلئے دوسرا اعظم ترین اسکور بائیں ہاتھ کے اوپنر ڈیویڈ وارنر نے بنایا ۔ جنہوں نے 63 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کئے ۔ علاوہ ازیں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل جانسن نے اننگز کے 50 ویں اوور میں وہاب ریاض کو متواتر 3 چوکے لگانے کے ساتھ 16 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے تیز رفتار 21 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 250 کے ہندسے سے آگے بڑھایا ۔ دیگر بیٹسمینوں میں گلین میکس ویل (21) اور براڈ ہاڈین نے 27 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 23 رن اسکور کئے ۔ پاکستان کیلئے شاہد آفر یدی کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورس میں 46 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ وہاب ریاض دس اوورس میں 61 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ذوالفقار بابر نے ونڈے کیرئیر کا 35/1 کے ذریعہ آغاز کیا ۔