اسمتھ کا ٹسٹ درجہ بندی میں بھی عالمی ریکارڈ

دبئی۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ہندوستان کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں شاندار سنچری کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں 939 نشانات حاصل کرکے کئی ریکارڈز توڑ دئے ہیں ۔آئی سی سی کی اعداد وشمار کے مطابق اسٹیو اسمتھ نے پونے ٹسٹ میں ہندوستان کے خلاف سنچری بنانے کے بعد اپنے نشانات کی تعداد کو 939 کرلیا ہے جبکہ میچ میں 333 رنز سے کامیابی حاصل کرکے 4 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔اسٹیو اسمتھ نے نہ صرف اپنا پہلا مقام مستحکم کردیا بلکہ درجہ بندی کی تاریخ میں سب سے زیادہ نشانات حاصل کرنے والے چھٹے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا کے سابق بیٹسمین ڈان بریڈمین کو سب سے زیادہ 961 نشانات حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انگلینڈ ٹیم کے لین ہوٹن 945 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ہوٹن نے 1937 سے 1955 کے دوران انگلینڈ کے لئے 79 ٹسٹ میچ کھیلے اور 56 سے زائد اوسط کیساتھ 6 ہزار 971 رنز بنائے جس میں 19 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ٹسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں انفرادی نشانات کے اس ریکارڈ میں انگلینڈ کے جیک ہوبز کا نمبر چوتھا ہے جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ بھی اتنے ہی پوائنٹس حاصل کرکے اس ریکارڈ کے شریک حق دار ہیں۔جیک ہوبز اور رکی پونٹنگ نے 942 نشانات حاصل کئے تھے۔ پانچویں نمبر پر پیٹرمے ہیں جن کا تعلق انگلینڈ سے ہے اور 66 ٹسٹ میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 ہزار 537 رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کے موجودہ کپتان اسٹیو اسمتھ نے 939 نشانات حاصل کرکے ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمینوں سر گیری سوبرز، ویوین رچرڈز اور سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کے 938 نشانات کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ان سے چھٹا مقام چھین لیا ہے۔اسمتھ نے ہندوستان کے خلاف پونے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 109 رنز بنائے تھے جبکہ پہلی اننگز میں 27 رنز بنا سکے تاہم اس میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ان کی سرزمین میں ایک بڑی شکست سے دوچار کیا ہے۔آئی سی سی کی ٹسٹ بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی 873 نشانات کے ساتھ دوسرے اور انگلش ٹسٹ ٹیم کے نئے کپتان جوروٹ 848 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔