میلبورن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے ناٹ آؤٹ 102 رنز کی کپتانی اننگز کی بدولت چوتھے کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن آج میچ ڈرا کرتے ہوئے انگلینڈ کو رواں ایشیز میں پہلی کامیابی سے محروم کردیا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ ایک وقت کامیابی کی جانب گامزن تھا لیکن دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین اسمتھ نے 275 گیندوں میں چھ چوکے لگاکر ناٹ آؤٹ 102 رن کی سنچری بنائی۔ اس وقت تک آسٹریلیا دوسری اننگز میں 124.2 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 263 رن بناچکا تھا اوراس کے پاس 99 رن کی برتری تھی لیکن میچ کے آخری سیشن میں پھر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے مقابلے کو ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور چوتھا ٹسٹ ڈرا پر ختم ہوگیا۔آسٹریلیا کے چھٹے نمبر کے بیٹسمین میچل مارش نے بھی میچ ڈرا کروانے کے لئے اسمتھ کا اچھا ساتھ دیا اور166 گیندوں میں تین چوکے لگاکر29 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ لوٹے ۔ اپنا وکٹ بچانے کے لئے انہوں نے دو سیشن میں198 منٹ کریز پر گزارے ۔گزشتہ تین میچوں میں ناکام رہے انگلینڈ کے سابق کپتان اور تجربہ کار اوپنر الیسٹر کک نے اس میچ میں ناٹ آؤٹ 244 رنز کی ڈبل سنچری بناکر انگلینڈ کے میچ کے موقف کو مستحکم کیا تھا جس سے اسے پہلی اننگز میں 164 رن کی برتری حاصل ہوئی۔ لیکن آسٹریلیائی بیٹسمینوں نے میچ کو پانچویں دن تک کھینچ دیا۔ جیو روٹ کی قیادت میں انگلش ٹیم پہلے ہی سیریز 0۔3 سے گنوا چکی ہے ۔انگلینڈ کی طرف سے کوئی بھی بولر آسٹریلیا کے لئے جم کر کھیل رہے اور مارش کے وکٹ نہیں نکال سکا اور پورے دن میں انہیں صرف دو وکٹ ہی حاصل ہوئے ۔ صبح آسٹریلیا نے کل کے 103 رن پر دو وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا تب ڈیوڈ وارنر40 اور اسمتھ 25 رن پر ناٹ آؤٹ تھے ۔برسبین میں ناٹ آؤٹ141 اورپرتھ میں239 رنز کی اننگز کھیلنے والے اسمتھ نے ٹیم کو سنبھالتے ہوئے178 رنز پر چار وکٹ کے نقصان سے باہر نکالا۔ انگلینڈ نے وارنر کو تیسرے بیٹسمین کے طور پر آؤٹ کیا جب روٹ نے جیمس ونس کے ہاتھوں انہیں کیچ کروایا۔ وارنر نے اپنی دھیمی 227گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے لگاکر 86 رن بنائے اور اسمتھ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 107 رن کا اضافہ کیا۔شان مارش کا وکٹ پھر جلد ہی گر گیا اور وہ چار رن پر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا اس وقت 178 رن پر چار وکٹ کے نقصان پر مشکل حالت میں تھا لیکن پھر اسمتھ نے مارش کے ساتھ 85 رن کی شراکت داری کی۔اسمتھ نے پارٹ ٹائم لیگ اسپنر ڈیوڈ ملان کی گیند پر ایک رن کے ساتھ اپنی سنچری پوری کی جو ان کی 23 ویں ٹسٹ سنچری ہے جبکہ موجودہ سیریز میں یہ ان کی تیسری سنچری ہے ۔