برسبین۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ ٹخنے میں تکلیف کے سبب نیوزی لینڈ کے ونڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ میتھیو ویڈ کو ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے 30 جنوری کو شروع ہونے والی سیریز کیلئے اسٹیون اسمتھ کی جگہ 21 سالہ نوجوان سیم ہیزلیٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔اسمتھ کے بائیں ٹخنے میں معمولی زخم ہے اور اسی لئے انہیں تین میچوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آرام کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ڈاکٹرز نے اسمتھ دس دن آرام کا مشورہ دیا ہے اور 27 سالہ کپتان آئندہ ماہ سے ہندوستان میں شروع ہونے والی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے آسٹریلیا کو دستیاب ہوں گے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا دورہ ہندوستان کے سبب نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ پہلے ہی آرام کا موقع فراہم کرنے کیلئے سیریز سے دور رکھا گیا ہے اور اسی لئے ناتجربہ کار ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کے سپرد کی گئی ہے۔
۔6 گیندوں پر 6 وکٹیں‘آسٹریلیائی بولر کا منفرد ریکارڈ
سڈنی۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کی کلب کرکٹ میں ایک بولر نے بڑا کارنامہ انجام دے دیا ۔ گولڈن کلب کے بولر ایلڈ کیری نے 6 گیندوں پر 6 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلوا دی۔ 6 گیندوں پر چھ چھکے تو ہم اکثر دیکھتے ہیں لیکن 6 گیندوں پر چھ وکٹوں کا یہ منفرد کارنامہ اکثر دیکھنے کو نہیں ملتا ۔آسٹریلیا کی کلب کرکٹ کے میچ میں ایلڈ کیری اپنے پہلے 8 اوورز میں کوئی وکٹ نہ لے سکے تاہم نویں اوور میں انہوں نے تباہ کن بولنگ کے ذریعے نہ صرف دیکھنے والوں بلکہ بیٹسمینوں کو بھی حیران کر دیا۔ انہوں نے 6 گیندوں پر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر حریف ٹیم کو 40 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔ اس کارنامے پر انہیں اپریل کے مہینے میں ایک تقریب کے دوران ٹرافی پیش کی جائے گی۔