اسمتھ اور وارنر کا کاونٹی کرکٹ کھیلنے کا امکان

لندن۔19 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) ایک سال کی معطلی کی سزا کا شکار اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے لئے سرے کائونٹی نے دروازے کھول دیئے ۔2018 کاانگلش کائونٹی خطاب جیتنے کی تمنا ہے یا آسٹریلیائی کرکٹرز کو کسی بھی طرح گرائونڈ میں دیکھنے کی تمنا یہ الگ بحث ہے ۔سرے کے ہیڈ کوچ 2013 سے 2016 تک آسٹریلیائی ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے واضح اعلان کے بعدکہ مذکورہ کرکٹر بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے ایک سال تک انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل سکتے، اس کے باوجود سرے کے ہیڈ کوچ مائیکل ڈی وینیٹو انہیں اسی سال کائونٹی کھلانے کے خواہاں ہیں۔کوچ کے مطابق اگر مذکورہ کرکٹر اس سال کائونٹی کھیلنا چاہیں تو سرے کے دروازے ان کے لئے کھلے ہیں۔پابندی آسٹریلیا نے لگائی ہے،جس کا اطلاق آسٹریلیائی کرکٹ پر ہوتا ہے لیکن انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی اجازت بھی درکار ہوگی۔ کرکٹرز خواہش رکھیں گے تو کائونٹی اس سلسلے میں بھی تعاون کرے گی۔ دریں اثنا گلیمورگن کائونٹی نے محدود اوورز کی ٹی20 بلاسٹ کے لئے آسٹریلیائی کرکٹر عثمان خواجہ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ وہ اپنے ہم وطن شان مارش کی ٹیم گلیمورگن کو تمام 14 گروپ میچوں کے لئے دستیاب ہونگے۔