ٹمکور میں ہائی ٹیک مذبحہ خانہ، سوئمنگ پول اور تفریحی پارک کے قیام کی عہدیداروں کو ہدایت
گلبرگہ۔18؍ستمبر:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کل اپنے دورۂ ٹمکور کے دوران کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹمکور سٹی کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے ٹمکور کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایاکہ اسمارٹ سٹی کو صرف خواب کے طور پر دیکھنے کی بجائے اس کی تعبیر کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ جناب روشن بیگ نے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایاکہ صرف شہر کو وائی فائی بنانے یا ایم جی روڈ میں ایل ای ڈی لائٹ نصب کرنے سے ٹمکور اسمارٹ سٹی نہیں بنے گا ، اس کیلئے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔ سڑکوں کی سدھار ، بنیادی سہولیات کی فراہمی ، عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ، عمدہ ٹرانسپورٹ نظام ، تمالم افراد کو رہائشی سہولیات ، بچوں کیلئے عمدہ پلے گراؤنڈس ،سویمنگ پول ،امیوزمینٹ پارک، ہائی ٹیک مذبحہ خانہ کی تعمیر ضروری ہے۔ اسی طرح ہر گھر کیلئے بیت الخلاء کا ہونا لازمی ہے۔ وزیر موصوف نے افسران کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ شہر میں 38 جھونپڑ پٹی علاقے موجود ہیں۔ یہاں کے مکینوں کو بھی اپنے مکان کا خواب ہوتاہے، ایسے میں انہیں پکے مکانات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے ٹمکور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت دی کہ شہر کے مختلف مقامات پر بچوں کیلئے پلے گراؤنڈ ، اسٹیڈیم ، سوئمنگ پول ، امیوزمینٹ پارک اور بوٹنگ وغیرہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے شہر میں موجود قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مزید قبرستانوں کی تعمیر کیلئے ہدایت دی جس پر ڈپٹی کمشنر کے پی موہن راج نے بتایاکہ اس خصوص میں اگلے ہفتے محکمۂ مالگذاری کے افسران کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جناب روشن بیگ نے الیکٹرک شمشان گھاٹوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ ان شمشان گھاٹوں میں جنریٹر کا انتظام کیاجائے۔ مذبحہ خانے کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ٹمکور میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہائی ٹیک مذبحہ خانہ تعمیر کیا جائے۔اس خصوص میں ممبئی میں موجود مذبحہ خانے کا جائزہ لینے کے بعد لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے تیقن دیا کہ اندرون ماہ ہائی ٹیک مذبحہ خانہ کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔ جناب روشن بیگ نے شہر میں راج کالوے اور سرکاری زمینات پر ہوئی تعمیر ات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے بتایاکہ سرکاری زمینات پر قبضہ کرنے والے افراد چاہے جتنے بھی بارسوخ کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کیاجائے اور تالابوں کے تحفظ کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔ سوچھ بھارت ابھیان کو صرف ایک تشہیری مہم قرار دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے بتایاکہ ٹمکور میں 13؍ ہزار بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیاگیا ہے، مگر اب تک صرف دو سو بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں۔اگر یہی حال رہا تو وبائی امراض کا خدشہ لاحق رہے گا۔ انہوں نے بتایاکہ سوچھ بھارت ابھیان کی تشہیر اداکارہ ودیا بالن خود ڈینگو میں مبتلا ہیں، ایسے میں سوچھ بھارت کے مقاصد کی تکمیل کس طرح ممکن ہے۔ رنگ روڈ کی خستہ حالت پر ٹوڈا کمشنر رنگا سوامی سے جناب روشن بیگ نے سوال کیا کہ کیا اسمارٹ سٹی کا خواب دیکھنے والے ٹمکور کیلئے عمدہ رنگ روڈ کی ضرورت نہیں ہے؟ جس پر رکن پارلیمان ایس پی مدا ہنومے گوڈا نے بتایاکہ اس کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سے 30 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد نے بتایاکہ رنگ روڈ کی ترقی کیلئے ٹوڈا کے پاس فنڈنہیں ہے۔ اس موقع پر میئر یشودھما ، کارپوریشن کمشنر اشہد الرحمن شریف ، اور دیگر موجود تھے۔