اسلام ہونے کے باوجود آخرانسانوں کی بڑی تعداد گمراہ کیوں؟

دعوت دین کے یو آئی آر سی کے پروگرام کے دوران کئی افراد حلقہ بگوش اسلام
حیدرآباد۔26جون(پریس نوٹ)یونیورسل اسلامک ریسرچ سنٹر کے صدر برادر شفیع نے کہا کہ اللہ سبحانہ تعالی نے تمام انسانوں کیلئے ایک ایسا مکمل نظام بنایا ہے جس کے تحت ہمیں اس دنیا یعنی دارالعمل اور دارالامتحان میں کامیاب ہوتے ہوئے خود کو جنت میں جانے کیلئے تیار کرنا ہے۔ لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ مکمل نظام ہونے کے باوجود آج انسانوں کی بڑی تعداد دوزخ کے دروازے پر کھڑی ہے۔ وہ کل یہاں ایف ایف گارڈن فنکشن ہال‘ ساتھ گنبد روڈ میں ’’موت کے بعد کی زندگی‘‘کے عنوان پر منعقدہ ایک دعوتی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔اس پروگرام کا اہتمام صرف غیرمسلموں کیلئے کیا گیا تھا۔برادر شفیع نے‘ جو کہ پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کے ماہر بھی ہیں‘ کہا کہ جن و انس کی تخلیق کا مقصد عبادت الہی ہے۔ عبادت کی تفصیلات بتانے کیلئے اللہ تعالی نے انبیائے کرام علیہم السلام بھیجے جنہوں نے خدا کا پیغام انسانوں تک پہنچادیا۔ اب یہ انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر عمل پیرا ہو۔ جو کامیاب ہوگا وہ جنت میں جائے گا اور ناکام شخص جہنم کا رزق بنے گا۔ ہر انسان کی کوشش ہونی چاہئیے کہ وہ جہنم سے بچ کر جنت میں داخل ہوجائے اور یہی حقیقی کامیابی ہے۔ انہوں نے تمام غیر مسلموں کو جہاں ایک طرف جنت کی بے مثال خوشخبریوں سے واقف کروایا وہیں دوسری جانب دوزخ کے رونگٹے کھڑے کردینے والے ناقابل بیان مناظر کا نقشہ کھینچتے ہوئے ان افراد کے ذہنوں کو ایک اللہ کی وحدانیت اور محمد ﷺ کی رسالت کی طرف سوچنے پر مجبور کردیا۔ ایمان لانے سے اس دنیا اور آخرت میں کیا فائدے ہوں گے اور نہ لانے سے کیا نقصانات ہوں گے‘اُس کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔قبل ازیں برادر سراج الرحمن نے ’’تمام مذاہب کی روشنی میں خدا کون ہے‘‘؟ کے عنوان پر تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان تک اللہ کا پیغام پہنچانا اب ہماری ذمہ داری ہے‘ اس سلسلے میں تمام مسلمان ہمارے پاس سے ڈی وی ڈیز اور کتابیں حاصل کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کیلئے 7842426463 پر رابطہ پیدا کیا جاسکتا ہے۔