اسلام میں تعلیم کو بنیادی اہمیت

اوٹکور میں اسلامک لائبریری کا افتتاح، بردار عبد الملک شارق کا خطاب
اوٹکور /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلام میں تعلیم کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، ہمارے اسلاف نے تعلیم کی ترقی و ترویج کے لئے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ برادر عبد الملک شارق امیر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ نے اوٹکور میں اسلامک لائبریری کے افتتاح کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، ہر عمر میں علم حاصل کیا جاسکتا ہے۔ نوجوان اور طلبہ علم حاصل کرنے کو ترجیح دیں۔ آج ہمارے نوجوانوں کی اکثریت فضولیات میں اپنا قیمتی وقت صرف کر رہی ہے، جب کہ قوم کی ترقی کے لئے علم کی ضرورت ہے۔ سرپنچ اوٹکور مسٹر بھاسکر نے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی او کے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی کہ وہ علم کے خزانہ کو ایک مقام پر جمع کرکے علم کے فروغ میں تعاون کر رہے ہیں۔ ضلع پریشد رکن ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی نے کہا کہ کتابیں انسان کی بہترین ساتھی ہیں، لائبریری سے کتب حاصل کرکے اس کو پڑھنے کی اشد ضرورت ہے۔ جناب رؤف حسام الدین نے کہا کہ لائبریری علم کی ترویج کا ذریعہ ہے، کتابیں آدمی کو انسان بناتی ہیں۔ نصابی کتب کے علاوہ طلبہ کتب بینی کی عادت ڈالیں۔ جناب کاظم حسین اور محمد انور باگو امیر مقامی اہل حدیث نے بھی خطاب کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں بال ریڈی سابق سرپنچ، اروند کمار سابق زیڈ پی ٹی سی، کرشنا گوڑ، ایم پی ٹی سی، ابوالحسن گدوال، امتیاز احمد امام جامع مسجد، محمد مقبول احمد صدر مسجد کمیٹی ایک مینار، محمد ابراہیم مکتھلی، محمد ابراہیم شاہ بھائی، محمد منصور علی کونسلر، امتیاز نگری کنوینر ویلفیر پارٹی، محمد جاوید امرجنتہ، احمد خاں، محمد اشرف الحق صدر ایس آئی او، عبد الرشید نگری ایس آئی او بھی موجود تھے۔ برادر عبد الملک شارق نے اسلامک لائبریری کی افتتاحی تقریب سے قبل مسجد پنچ اوٹکور میں طلبہ و نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ مغربی تہذیب کو چھوڑکر اسلامی تہذیب کو اپنائیں اور اقدار والی تعلیم حاصل کریں۔ آخر میں جناب محمد اسحاق نے شکریہ ادا کیا۔