اسلام آباد میں ہائی کمیشن کی افطار پارٹی ،مہمانوں کے ساتھ بدتمیزی ، ہندوستان کا احتجاج

اسلام آباد ۔ /2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان میں متعین اپنے سفیر کی جانب سے منعقد کردہ روایتی افطار پارٹی کو پاکستان کی جانب سے سبوتاج کئے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی نے مہمانوں کے ساتھ بدتمیزی کی جو قابل مذمت ہے ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یکم جون کو منعقدہ افطار پارٹی کے موقع پر سفارتی اصولوں کی صریحی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ پاکستانی سکیورٹی عملہ نے 300 مہمانوں کو زبردستی روک کر ان کی تلاشی لی ۔ ان مہمانوں میں زیادہ تر پاکستانی ہی شامل تھے ۔ یہ مہمان ہندوستانی ہائی کمشنر اجئے بساریہ کی جانب سے ہوٹل سرینا میں دی گئی افطار پارٹی میں شرکت کیلئے آرہے تھے ۔ سکیورٹی عملہ نے ہندوستانی سفارتکاروں کے ساتھ بھی غلط برتاؤ کیا ۔ ہوٹل سرینا کے باہر سڑک پر پہرہ دے رہے سکیورٹی جوانوں نے ہندوستانی آفیسرس اور پاکستانی مہمانوں کے علاوہ سفارتخانہ کے عملہ کے ارکان کو سکیورٹی وجوہات بتاکر جامہ تلاشی لی اور ان کے ساتھ غلط برتاؤ کیا ۔ بعض عہدیداروں کے ساتھ دھنگا مستی اور گالی گلوج بھی کی گئی۔ ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ اپنے مہمانوں کے ساتھ کئے جانے والی بدتمیزی کے واقعہ کی تحقیقات کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ بعض مہمانوں کے موبائیل فون بھی چھین لئے گئے ۔ مہمانوں کو غیرمعمولی طور پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ۔