یروشلم ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : غزہ پٹی میں آج صبح اسرائیل نے فضائی حملہ کیا کیوں کہ قبل ازیں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی سرحد کے قریب ایک راکٹ داغا تھا ۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حماس کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جب کہ فلسطین کی جانب سے داغے گئے راکٹ کو اپنا درکار نشانہ نہیں مل سکا اور وہ زمین سے ٹکرا گیا ۔ دونوں ہی واقعات میں دونوں ہی جانب ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ 30 ستمبر کو اسرائیل کے جنگی طیاروں نے حماس کے چار تربیتی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا ۔ جو حماس کے مسلح ونگ القاسم کا حصہ تھے اور یہ حملہ بھی فلسطین کی جانب سے داغے گئے راکٹ کا جوابی حملہ تھا ۔ جس وقت تربیتی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا اور اس لیے نہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے اور نہ ہی ہلاک ہونے کی ۔