لاؤسانے ۔ 30 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشیئن شوٹنگ چمپئن شپ اپنے اولمپک کوالیفائنگ موقف سے محروم ہوگئی جب اس مقابلہ کے میزبان ملک کویت نے اس میں حصہ لینے سے اسرائیل کے ایک عہدیدار پر امتناع عائد کردیا ۔ انٹرنیشنل اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کی درخواست پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ایکزیکٹیو بورڈ نے یکم اور 2 نومبر کو منعقد شدنی ان مقابلوں کے کوالیفائنگ موقف کو کالعدم کردیا ہے۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے عاملہ بورڈ نے کہاکہ بین الاقوامی اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کی درخواست پر اُس نے یکم تا 12 نومبر منعقد شدنی مقابلوں کے کوالیفائنگ موقف کو کالعدم کردیا ہے ۔ کویت نے ان مقابلوں کی نگرانی کرنے والے ایک اسرائیلی عہدیدار پائیر ڈیوڈووچ کو ویزا دینے سے انکار کردیا تھا ۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ’’ویزا کی اجرائی سے انکار دراصل اولمپک منشور کے مخالف امتیاز اصول کے مغائر ہے‘‘ ۔ اس فیصلے کی ایک اور وجہ یہ بھی بتائی گئی ہے کہ سرکاری مداخلت کے سبب کویت نیشنل اولمپک کمیٹی فی الحال بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی طرف سے معطل ہے ۔