اسرائیل الجزیرہ پر پابندی عائد کرنے کا خواہاں

یروشلم۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیر خارجہ اویگدور لیبرمن نے کہا ہے کہ اسرائیل الجزیرہ ٹیلی ویڑن کے ملک سے کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کا خواہاں ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کٹر قوم پرست لیبرمن نے الجزیرہ نیوز نیٹ ورک پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے اور اسرائیل کے خلاف جھوٹ پھیلا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے قطری حکومت پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اسلام پسند تنظیم حماس کی مدد کر رہی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کا بیان الجزیرہ کی عربی اور انگلش دونوں سروسز پر لاگو ہوتا ہے۔