اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل

بودھن۔/2اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مظلوم نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بمباری کے خلاف بعد نماز جمعہ شہریان بودھن نے اہم سڑک امبیڈکر چوراستہ پر جمع ہوکر زبردست احتجاج منظم کیا اور اسرائیلی و امریکی صدور کے علامتی پتلے نذرآتش کئے۔ قبل ازیں یہاں منظم کردہ احتجاجی جلسے سے جامع مسجد رئیس پیٹ کے امام مفتی شیخ جابر احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں جہاں دنیا و عالم کے مسلمان عیدالفطر کی تیاریوں میں مصروف تھے وہیں فلسطین کے مسلمان قبلہ اول کی حفاظت کیلئے اپنی اور اپنے معصوم بچوں کی جانیں نچھاور کررہے تھے اور ان کے لواحقین شہیدوں کی تجہیز و تدفین کی تیاریوں میں غم زدہ ہورہے تھے۔ جناب عابد حسین فاروقی نے کہا کہ فلسطینیوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہے، آج ہمارے مظلوم فلسطینی بھائی اور ان کے شیر خواروں پر یہودی خون ریز حملے کررہے ہیں اور پڑوسی عرب ممالک کے سربراہوں کی خاموشی سارے عالم اسلام کیلئے تعجب کا باعث بنی ہوئی ہے۔ سی پی ایم قائد گنگادھر اپا نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کی بربریت کا سلسلہ تقریباً 60سال سے جاری ہے۔ انہوں نے امریکہ پر اسرائیل کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ساری دنیا میں جہاں کہیں بھی امن پسند قوم پر ناجائز حملے کئے جاتے ہیں وہاں سی پی ایم مظلوموں کا ساتھ دینے کمر بستہ ہوجاتی ہے۔ مولانا مشہودی نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی بربریت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کی مسلمانان ہند سے اپیل کی۔ صدر نشین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا نے اس احتجاجی جلسے میں نہصرف حصہ لیا اور خطاب کیا بلکہ دفتر سب کلکٹر آفس تک نکالے گئے جلوس میں شامل رہے اور اڈمنسٹریٹیو آفیسر جناب نجم الدین کو احتجاجی میمورنڈم حوالے کرتے ہوئے کل جماعتی قائدین کے ساتھ موجود رہے۔ احتجاجی جلسہ سے شیخ محی الدین پاشاہ سابق چیرمین مارکٹ کمیٹی بودھن، عابد صوفی ایڈوکیٹ و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ کل جماعتی کمیٹی کی اپیل پر شہریان بودھن کی کثیر تعداد بعد نماز جمعہ مساجد سے جلوسوں کی شکل میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے امبیڈکر چوراستہ پر جمع ہوئی اور وہاں سروں کا سمندر جمع ہوگیا۔