اسرائیلی فوج کا روزہ داروں پر وحشیانہ تشدد

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مقبوضہ بیت المقدس سے ملنے والی اطلاع کے مطابق کل اتوار کو اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر وہاں پر اعتکاف میں بیٹھے روزرہ داروں پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد افراد کو مسجد سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ فلسطینی نمازیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب قابض فورسز نے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کو یہودی آباد کاروں کے داخلے کے لیے کھول دیا۔ اسرائیلی پولیس کی جانب سے یہودی آباد کاروں کو ماضی میں ماہ صیام کے آخری عشرے میں مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکا جاتا رہا ہے مگر ایسا پہلی بار ہوا ہے جب صہیونی فورسز نے خود یہودی شرپسندوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے کے لیے نہ صرف سیکیورٹی مہیا کی بلکہ احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر تشدد بھی کیا ہے۔ اس موقع پر فلسطینی نمازیوں اور یہودی اشرار کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی فورسز نے نمازیوں پر صوتی بم پھینکنے کے ساتھ ان پر دھاتی گولیوں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گیی جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔