تل ابیب ۔ 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے آج اپنی ریاست میں پنجاب میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، ہاؤسنگ، توانائی، آبی سربراہی اور ہاسپٹلس کے شعبوں میں اسرائیلی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ یاد رہیکہ وزیراعلیٰ اس وقت اسرائیل کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کے ٹائیروس انٹرنیشنل گروپ لمیٹیڈ کے عہدیداروں کے ساتھ پنجاب کے انفراسٹرکچر شعبہ میں سرایہ کاری کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے بھی اس ملاقات کی تفصیلات اور بات چیت سے واقفیت کروائی۔ بعدازاں مسٹر امریندر سنگھ خاندان جین آبپاشی تنصیبات کے دورہ کیلئے روانہ ہوئے۔ اس وقت اسرائیل کے اعلیٰ سطحی عہدیدار بھی ان کے ساتھ تھے جہاں انہوں نے زراعت اور باغبانی کیلئے عصری ٹیکنالوجی کا معائنہ کیا۔ امریندر سنگھ اپنی بے پناہ مصروفیت میں سے کچھ وقت نکال کر اس قبرستان کا بھی دورہ کریں گے جہاں ان ہندوستانی فوجیوں کو دفن کیا گیا ہے جنہوں نے 1918ء میں حائفہ کی جنگ آزادی میں اپنی جانیں قربان کردی تھیں۔