برسبین ۔ 15؍ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) نوجوان آل روانڈر اسٹیو اسمتھ کو آج ہندوستان کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ کے لئے آسٹریلیائی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے اور وہ زخمی کپتان مائیکل کلارک کے جانشین ہوں گے جو کہ زخمی ہو کر ہندوستان کے خلاف رواں سیریز سے باہر ہوچکے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سیریز کے لئے اسمتھ کو نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن کلارک کے زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہونے کے بعد اب وہ خودبخود ٹیم کے کپتان ہوں گے ۔ 25 سالہ اسمتھ جو ان دنوں کافی بہترین فارم میں ہیں جیسا کہ ہندوستان کے خلاف منعقدہ پہلے ٹسٹ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین 162 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی ہے اور اب وہ آسٹریلیا کے 45ویں ٹسٹ کپتان بن چکے ہیں ۔ نیز وہ آسٹریلیا کی قیادت سنبھالنے والے سب سے نوجوان کپتان بن چکے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ کلارک کے متعلق کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا ہے اور یہ خدشہ بھی ہے کہ وہ ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف منعقد شدنی سہ رخی سیریز میں بھی شرکت نہیں کر پائیں گے ۔ گذشتہ مقابلہ میں آخری دن جب کلارک میدان پر موجود نہیں تھے تو اس موقع پر براڈ ہاڈین نے ٹیم کی قیادت کی تھی تاہم اسمتھ کو کپتان بنائے جانے کے بعد وہ ان کے نائب قائد ہوں گے ۔ اسمتھ کو کپتان بنانے کی سفارش کرکٹ آسٹریلیا کی نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے ۔ چونکہ کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب کلارک کی ٹیم میں واپسی ہوگی تو وہی ٹیم کے کپتان ہوں گے اور اسمتھ ان کے نائب ہوں گے ۔ آسٹریلیائی سلیکٹر راڈ مارش نے کہا ہے کہ کلارک کا زخم کھلاڑی کو کافی پریشان کر رہا ہے اور اس حقیقت سے کوئی واقف نہیں کہ کلارک کتنے وقت کے لئے ٹیم سے باہر رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کافی غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ صحیح موقع ہے کہ ابھرتے اور نوجوان کھلاڑی کو ٹیم کی قیادت دی جائے اور اس طرح 25 برس کی عمر میں آسٹریلیا کے نوجوان کپتان بن چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سلیکشن کمیٹی کی جانب سے نوجوان کپتان کو نہ صرف مبارکباد دی گئی بلکہ اس امید کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف رواں سیزن میں ٹیم کی کامیاب قیادت کریں گے ۔ ارباب مجاز کی جانب سے اسمتھ کی قائدانہ صلاحیتوں کی کافی ستائش کی جاچکی ہے اور اب انہیں بین الاقوامی سطح پر ایک مشکل ترین سیریز کے لئے ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے ۔ ہاڈین کو کپتان نہ بنائے جانے کے فیصلہ کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیسٹمین نے بحیثیت نائب کپتان اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے ۔ لیکن اسمتھ نے بھی مائیکل کلارک کی قیادت میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مارش نے مزید کہا کہ کپتان کے انتخاب کے دوران یہ بھی موضوع بحث رہا کہ ہاڈین کو قیادت دی جائے لیکن مستقبل کے پیش نظر اسمتھ کے حق میں فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ اسمتھ کو انتظامیہ مستقبل کا کپتان مان چکا ہے ۔ دریں اثناء کرکٹ آسٹریلیا کے چیرمین والی ایڈورڈس نے کہا ہے کہ بورڈ کی جانب سے کی جانے والی سفارشات اور سیلکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ ناموں کی مکمل حمایت کی گئی ہے اور میدان پر اسمتھ کے شاندار مظاہروں پر بھرپور ستائش کرنے کے علاوہ جس مقام کے وہ مستحق تھے وہ انہیں دیا جا رہا ہے ۔ والی کا اشارہ اسمتھ کو کپتان بنانے کی سمت تھا ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جا رہی چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے پہلے مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ بارڈر ۔ گواسکر سیریز کا دوسرا مقابلہ چہارشنبہ کو گبا میں شروع ہوگا ۔