ایک نئے ویب سائیٹ کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کا تنقیدی جائزہ لیا جائے گا
نئی دہلی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ وزارت فینانس کی جانب سے غور کیا جارہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے ترقیاتی فنڈ میں موجودہ سالانہ 5 کروڑ روپئے سے بڑھاکر سالانہ 25 کروڑ روپئے کردیا جائے۔ ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا (16 ویں لوک سبھا) اور چیرمین، لوک سبھا کمیٹی برائے ایم پی ایل اے ڈی ایس نے مورخہ 25 فروری 2015 ء کو مکتوب لکھ کر درخواست کی تاکہ ارکان پارلیمنٹ کے ترقیاتی فنڈ کے لئے سالانہ مختص کی جانے والی رقم کو 5 کروڑ سے بڑھاکر 25 کروڑ روپئے کردی جائے۔ اس معاملہ کو وزارت فینانس سے رجوع کیا گیا تھا۔ اسٹاٹسٹکس کے وزیر وی کے سنگھ نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ لوک سبھا کمیٹی برائے ارکان پارلیمنٹ مقامی ایریا ڈیولپمنٹ اسکیم (MPLAD) نے 2 جولائی 2013 ء کو منعقدہ اپنے اجلاس میں سالانہ بجٹ میں اضافہ کی سفارش کی تھی۔ ارکان پارلیمنٹ کو ان کے حلقہ میں ترقیاتی کام انجام دینے کے لئے سالانہ بجٹ میں 5 کروڑ سے بڑھاکر 10 کروڑ کرنے کی سفارش کی گئی تھی لیکن اب وزارت فینانس نے سالانہ 25 کروڑ روپئے کرنے پر غور کیا ہے۔ ایک اور علیحدہ مکتوب میں وزیر نے یہ بھی بتایا کہ اب ایک مربوط ایم پی ایل اے ڈی ایس ویب سائٹ شروع کی جائے گی جس کی مدد سے ارکان پارلیمنٹ کے علاقائی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا اور اس پر سختی سے کڑی نظر رکھی جائے گی مثلاً فنڈس کی اجرائی اور ان کے استعمال کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ نوڈل ڈسٹرکٹ آفیسرس کو بھی اس ویب سائٹ پر ارکان پارلیمنٹ کی تجاویز لوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مالیاتی سال 2015-16 ء سے ایم پی ایل اے ڈی ایس کے تحت فنڈ کی قسطیں اس ویب سائیٹ کے ذریعہ وزارت کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔ موجودہ طور پر 229 نوڈل ڈسٹرکٹس کی جانب سے نئے ویب سائیٹ پر معلومات اپ لوڈ کی جارہی ہیں۔ جب نئی ویب سائیٹ شروع ہوگی تو اس میں تمام ارکان پارلیمنٹ کو لاگ آن آئی ڈی اور پاس ورڈ فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی سفارشات کو آن لائن داخل کرسکیں اور ان کے کاموں کی انجام دہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر نے ایوان کو مطلع کیاکہ نیشنل اسٹائیٹکل کمیشن کی سفارشات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں وقفہ وقفہ سے روزگار اور بے روزگار کے تعلق سے سروے کروایا جائے گا تاکہ 12 ویں پانچ سالانہ منصوبہ کے تحت ملک کے اندر لیبر مارکٹ میں تبدیلیاں لائی جاسکیں۔ اس لیبر سروے کا اصل مقصد شہری علاقوں میں لیبر مارکٹ کے مختلف اُمور میں تبدیلی لاتا ہے۔