قومی سکریٹری کانگریس کے بموجب سونیا گاندھی ارکان سے گجرات میں ہی ملاقات کریں گی
بنگلورو ۔6اگست ( سیاست ڈاٹ کام) گجرات کانگریس کے ارکان اسمبلی جو بنگلورو کے قریب ایک خانگی تفریح گاہ میں عارضی طور پر مقیم ہیں ‘ ان کی آبائی ریاست گجرات راست طور پر منتقل کئے جائیں گے ۔ انہیں دہلی منتقل نہیں کیا جائے گا جیسا کہ صحافت کے بعض گوشوں سے اطلاع دی گئی ہے ۔ گجرات کانگریس نے اپنے 44ارکان اسمبلی کو 29جولائی کو بنگلورو کی ایک خانگی تفریح گاہ منتقل کیا تھا تاکہ انہیں بی جے پی کی ’’ شکار ‘‘ کی کوشش کا نشانہ بننے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ 8اگست کو ریاست میں راجیہ سبھا انتخابات مقرر ہے جن میں احمد پٹیل بھی امیدوار ہیں جو صدر کانگریس سونیا گاندھی کے حکم پر گجرات سے راجیہ سبھا کی رکنیت کیلئے مقابلہ کررہے ہیں ۔ پارٹی کے ذرائع نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ ارکان اسمبلی پہلے سونیا گاندھی سے ملاقات کیلئے دہلی منتقل کئے جائیں گے ۔ کانگریس کے ترجمان شکتی سنھہ گوہل نے کہا کہ یہ ارکان اسمبلی راست گجرات واپس ہوں گے تاہم انہوں نے اس بات کا انکشاف کرنے سے گریز کیا کہ ارکان اسمبلی اپنی آبائی ریاست کب واپس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ ہوچکا ہے کہ ہم تمام ( 44ارکان اسمبلی ) بدریعہ طیارہ گجرات جائیں گے دہلی نہیں ۔ گوہل نے الزام عائد کیا کہ یہ بی جے پی کی ہی تھی جو اس قسم کی ’’ افواہیں ‘‘ پھیلا رہی ہے ۔ کانگریس ارکان اسمبلی پہلے سونیا گاندھی سے ملاقات کیلئے قومی دارالحکومت منتقل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھگوا پارٹی ایسی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہے کہ ارکان اسمبلی کو آئندہ راجیہ سبھا انتخابات میں پٹیل کو شکست دینے کیلئے ’’نوٹا‘‘ استعمال کرنے کے متبادل طریقہ کار کے خلاف نوٹس دی گئی ہے ۔ کانگریس نے نوٹا متبادل طریقہ کار کی راجیہ سبھا انتخابات میں مخالفت کی تھی جسے گجرات میں پارٹی کی وقار کی انتخابی جنگ سمجھا جارہا ہے ۔ گوہل نے کہا کہ کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی متحد ہیں اور وہ 8اگست کے انتخابات میں متفقہ طور پر پٹیل کی تائید میں اپنا ووٹ استعمال کریں گے ۔ گجرات میں 57 کانگریس ارکان اسمبلیوں میں سے 6حال ہی میں کانگریس سے ترک تعلق کرچکے ہیں اور ان میں تین 28جولائی کو بی جے پی شامل ہوچکے ہیں۔