اروند کجریوال کی نئی رہائش گاہ پر تنازعہ

نئی دہلی۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کانگریس نے آج سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال پر تنقید کی اور کہا کہ کجریوال سیول لائن علاقہ میں اپنی رہائش گاہ حاصل کررہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی صدر کی یہ عاد ت بن گئی ہے کہ وہ وسیع و عریض مکانات میں رہیں۔ وہ اس طرح غریب عوام کے پیسہ کو ضائع کررہے ہیں۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرترجمان مکیش شرما نے کہا کہ اروند کجریوال غریب عوام کی محنت کی کمائی کو استعمال کرتے ہوئے اپنے آرام کیلئے گھر کا کرایہ ماہانہ 85ہزار روپئے ادا کررہے ہیں۔

اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے انہوں نے سیول لائن علاقہ میں واقع 800اسکوائر یارڈ کے مکان کو منتخب کیا ہے جبکہ اس بنگلہ کی ملکیت پر قانونی جھگڑا چل رہا ہے۔ ہنومان روڈ پر واقع عام آدمی پارٹی کا دفتر بھی ایک متنازعہ اراضی پر قائم ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کجریوال ہمیشہ متنازعہ اراضی پر نظر رکھتے ہوئے قانون توڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ شرما نے مزید دعویٰ کیا کہ ماہانہ 85ہزار روپئے کرایہ ادا کرنے سے گریز کرتے ہوئے تلک لائن کے فلاٹ کو اپنی بیوی کے نام کرنا چاہتے تھے۔ انکم ٹیکس کمشنر کی حیثیت سے انہیں ترقی دینے کے بعد اس مکان میں وہ رہنے کی مجاز ہوگئیں۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کجریوال کی اہلیہ 1994ء بیاچ کی آئی آر ایس آفیسر ہیں۔ موجودہ قانون کے مطابق C2زمرے کے مکانات کو فی الحال انہیں الاٹ نہیں کیا جاسکتا1994کے آفیسرس کو صرف B2زمرے کے مکانات الاٹ کئے جاتے ہیں۔