نئی دہلی ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج بتایا ہے کہ بی جے پی کے خلاف الیکشن کمیشن سے ایک شکایت درج کروائی گئی ہے جس نے ایک اشتہار میں ان کی برادری کو نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی چند دنوں سے اشتہارات جاری کرتے ہوئے ان پر شخصی حملہ کررہی ہے اگرچیکہ وہ ( بی جے پی ) مجھ پر اور میرے بچوں پر الزام تراشی کررہی ہے ۔ لیکن میں اناہزارے کی نصیحت کی بناء خاموش ہوں ۔ جنہوں نے کہا تھا کہ اگر کوئی تم پر شخصی حملہ کرتا ہے تو تم میں اسے برداشت کرنے کی طاقت ہونی چاہئے ۔ لیکن آج وہ (بی جے پی ) تمام حدود پار کرچکے ہیں ۔ مسٹراروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے پوری برادری کو ’ اپ دراوی ‘ قرار دیا ہے جب کہ ان کا مقابلہ مجھ سے ہے اگر انہیں کچھ کہنا ہے تو میرے خلاف کہیں ۔ انہیں چاہئے کہ پوری اگروال برادری کو نشانہ نہ بنائیں ۔ گذشتہ سال یوم جمہوریہ کی تقاریب کو درہم برہم کرنے کی دھمکی دینے پر بی جے پی کے اشتہار میں کجریوال کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ لیکن اس سال تقریب میں مدعو نہ کرنے پر انہوں نے شکایت درج کروائی ہے ۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ دیش کے کروڑہا لوگ یوم جمہوریہ کو قومی تقریب مانتے ہیں ۔ اور آپ کی شرپسند برادری ( اپ دراوی گوترا ) اس تقریب کو درہم برہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے ۔ انہیں پوری برادری سے معافی مانگنی چاہئے اور ہم الیکشن کمیشن سے یہ شکایت درج کروائیں گے کہ بی جے پی اب نسلی امتیاز پر مبنی حملے کررہی ہے اور دہلی کے عوام ، پراگندہ سیاست کو پسند نہیں کرتے ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے لیے عام آدمی پارٹی لیڈروں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے ۔ دریں اثناء عام آدمی پارٹی لیڈر اشوتوش نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا دہلی کے اسمبلی انتخابات میں عوام ، زعفرانی پارٹی کو سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ بی جے پی نچلی سطح کی سیاست پر آگئی ہے اور اب کجریوال کی ذات پر کیچڑ اچھالا ہے اور اس ذات کے لوگ یقینا بی جے پی کو سبق سکھائیں گے ۔ واضح رہے کہ اروند کجریوال تاجر برادری تک رسائی کے لیے اپنے آپ کو ’ بنیا ‘ قرار دیتے ہیں ۔ جب کہ یہ برادری بی جے پی کی روایتی ہمنوا رہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے دیگر قائدین کمار وشواس اور یوگیندر یادو نے بھی متنازعہ اشتہار شائع کروانے پر بی جے پی کو تنقیدکا نشانہ بنایا ہے ۔ مسٹر کمار واشواس نے کہا کہ عوام ، 7 فروری کے دن بی جے پی کو شخصی حملوں کا مناسب جواب دیں گے اور اس طرح کے حملوں سے ان کی ساکشی مہاراج جیسی ذہنیت آشکار ہوگئی جو کہ ایک خود ساختہ سادھو ہیں ۔ جب کہ مسٹر یوگیندر یادو نے یہ نشاندہی کی کہ کسی بھی اشتہار کو جاری کرنے سے قبل الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اروند کجریوال نے جب اپنے آپ کو بنیا قرار دیا تو بی جے پی کی صفوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ اور متنازعہ اشتہار اس کا ردعمل ہے ۔ الیکشن کمیشن سے شکایت درج کروانے کے بعد عام آدمی پارٹی کے نیشنل سکریٹری پنکج گپتا نے بتایا کہ انتخابی اشتہار میں ذات پات کو نشانہ بنانا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ جس پر الیکشن کمیشن سے سخت کارروائی کی گذارش کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پورا سماج ، حکمران جماعت کی تفرقہ پرست سیاست کا مشاہدہ کررہا ہے جو کہ مذہب اور ذات پات کے نام پر پھوٹ ڈالنے کی کوشش میں ہے ۔