نئی دہلی 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال آئندہ ہفتہ تلک لائن سرکاری رہائش گاہ کا تخلیہ کریں گے جہاں وہ چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے استعفیٰ کے بعد مسلسل قیام کئے ہوئے ہیں۔ پارٹی نے کہاکہ دہلی حکومت نے قبل ازیں کجریوال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں سی 11/23 تلک لین کے فلیٹ کے لئے ماہانہ 85,000 روپئے کرایہ ادا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم کجریوال نے مکان میں قیام کے لئے توسیع دینے کی خواہش ظاہر کی تھی کیوں کہ ان کی دختر بارہویں جماعت کا امتحان لکھ رہی تھیں۔ اب ان کی دختر نے ہائیر سکنڈری امتحان کامیاب کرکے آئی آئی ٹی انٹرنس اگزام لکھ دی ہے تو اروند کجریوال نے مکان کا تخلیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خاندان والے مشرقی دہلی میں قیام کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ذرائع نے کہاکہ ہم ایک نیا مکان تلاش کررہے ہیں جیسے ہی مکان مل جاتا ہے یہ مکان خالی کردیں گے اور اس کا قبضہ حکومت کے حوالے کردیں گے۔