ایٹا نگر ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اروناچل پردیش میں نو تشکیل شدہ کالی کھوپل حکومت کو ریاستی اسمبلی کے تین روزہ اجلاس کے پہلے دن جمعرات کو اپنی عدد قوت کے مظاہرہ کیلئے ایک امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ڈپٹی اسپیکر تنزنگ ٹوربو تھونگڈوک نے کہا کہ ایک نئے اسپیکر کا انتخاب بھی کیا جائے گا ۔ یہ عہدہ 16 ڈسمبر سے مخلوعہ ہے ۔ واضح رہے کہ کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع یہ پرسکون ریاست اس وقت سیاسی بھونچال کی نذر ہوگئی تھی جب کالی کھوپل نے کانگریس کے 10 ناراض ارکان کی مدد سے اس وقت کے چیف منسٹر کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا تھا ۔ کھوپل نے آج اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا جس میں بی جے پی کے 11 ارکان کے بشمول تمام 21 ارکان نے شرکت کی۔
جے این یو مسئلہ پر حکومت خوفزدہ : راہول
نئی دہلی ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ جے این یو مسئلہ پر حکومت خوفزدہ ہے اور وہ پارلیمنٹ میں ان کی آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اس مسئلہ کو اٹھاؤں گا لیکن وہ (حکومت) مجھے بات کرنے نہیں دے گی کیونکہ وہ خوفزدہ ہے۔ پارلیمنٹ میں میں جو کچھ کہوں گا اس بات پر وہ خوفزدہ ہے اور مجھے بات کرنے نہیں دے گی۔ راہول نے جے این یو طلبہ کی حمایت کا عہد کیا ہے۔