اردو کے فروغ کیلئے مہم کا اختتام

نارائن پیٹ /11 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ( سوٹا ) نارائن پیٹ کی جانب سے یکم جون کو شروع کی گئی مہم ’’اردو پڑھئے اور اردو پڑھائیے ‘‘کا آج 11 جون کو اختتام عمل میں آیا ۔ سوٹا قائدین جناب روف حسام الدین ، محمد علی تاج ، نظام الدین منیار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 11 روزہ مہم کے دوران ضلع محبوب نگر کے مختلف مقامات پر 5 ہزار تعلیمی بیداری سے متعلق ورقئیے تقسیم کئے گئے ۔ 15 دیہی و شہری علاقوں کو منتخب کرکے محبان اردو سے انفرادی ملاقاتیں کی گئی ۔ کارنر میٹنگ منعقد کی گئی اور بچوں کو اردو سرکاری مدارس میں شریک کروانے کی اپیل کی گئی ۔ اردو اساتذہ کے وفد نے جس میں روف حسام الدین ، محمد علی تاج (نارائن پیٹ ) نظام الدین منیار (مکتھل) سید جلال الدین ( محبوب نگر ) محمد دستگیر (اوٹکور ) محمد اقبال ( آتماکور ) علاء الدین (کوڑنگل ) ریاض الدین ، محمد ایوب نے بچوں کے والدین سے ملاقات کرکے بچوں کو سرکاری اردو مدرس میں شریک کروانے کی کامیاب مہم چلائی ۔ سوٹا قائدین نے ضلع محبوب نگر کے منتخب شدہ مقامات محبوب نگر مستقر نارائن پیٹ ، مکتھل ، کوڑنگل ، ریونٹلا ( مدور منڈل ) اوٹکور ، پگڑی ماری ، جاجاپور ، کوٹہ کنڈہ ، دھسواڑہ ، بھیونڈی کالونی ، آتماکور ، چنا چنتہ کنٹہ ، مریکل میں دورہ کرکے انفرادی ملاقاتوں کے علاوہ ورقیوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ’’ اردو پڑھئیے اور اردو پڑھائیے ‘‘ مہم کے دوران سوٹا قائدین نے سرکاری مدارس اور سرکاری دفاتر ، خانگی دکانات تجارتی اداروں کے سائن بورڈ پر اردو میں بھی نام تحریر کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ۔ اس کے علاوہ اردو اخبارات اور کتب کو خرید کر پڑھنے کیلئے بھی کہا گیا ۔ سوٹا کی اردو پڑھائے اور اردو پڑھئیے مہم میں اساتذہ برادری ، سیاسی و سماجی قائدین نے بھرپور تعاون دیا ۔