سدی پیٹ میں جلسہ، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ اور ایم پی کے پربھاکر ریڈی کا خطاب
سدی پیٹ /21 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی سدی پیٹ کے زیر اہتمام یوم مولانا ابو الکلام آزاد اور صحافتی و تدریسی اعترافات خدمات و تقسیم کتب گورنمنٹ گرلز جونیر کالج سدی پیٹ زیر نگرانی اعزازی صدر ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی جناب ایم اے لطیف جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ، رکن پارلیمنٹ میدک کوتہ پربھاکر ریڈی، ایم ایل سی فاروق حسین، چیرمین میدک انجینئرنگ کالج سید خورشید احمد اور سید ابراہیم سلیم نے شرکت کی۔ جلسہ کی صدارت محمد عبد القادر صدر سوسائٹی نے کی، جب کہ مہمانوں کا استقبال انٹرمیڈیٹ کی طالبات نے کیا۔ جلسہ کا آغاز مس انیس کنیز انٹرمیڈیٹ طالبہ کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ قبل ازیں پاکستان میں طلبہ کے ساتھ جو سانحہ پیش آیا، اس سلسلے میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس موقع پر وزیر بھاری آبپاشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگرامس کے انعقاد سے طالبات کی ہمت افزائی ہوتی ہے اور ان کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گرلز جونیر کالج کے احاطہ میں طلبہ کو پانی اور دیگر سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔ انھوں نے کالج و ہائی اسکول میں (اردو میڈیم) کی مخلوعہ جائدادوں کو پر کرنے کا تیقن دیا۔ انھوں نے مسلم اقلیت کی فلاح و بہبود، تعلیمی و معاشی ترقی اور بے روزگاری دور کرنے کے لئے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ انھوں نے حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لئے متعارف کرائی گئی اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ رکن پارلیمنٹ کوتہ پربھاکر ریڈی نے کہا کہ وہ ہمیشہ اقلیتوں کے درمیان رہ کر کام کریں گے۔ ایم ایل سی فاروق حسین نے کہا کہ دور حاضر میں لڑکیوں کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ علم ایک خزانہ ہے، علم سے ہی خواتین اپنی زندگیوں کو سنوار سکتی ہیں۔ انھوں نے شہر سدی پیٹ کی ترقی اور ضلع کا درجہ دینے کے لئے زور دیا، کیونکہ وزیر اعلی کا اپنے وطن کی ترقی کی طرف توجہ کرنے پر ہی ترقی ممکن ہوگی۔ اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ نے بتایا کہ اردو میڈیم کی طالبات کو تعلیمی نصابی کتب کی عدم فراہمی کو دیکھتے ہوئے انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی کی طالبات کے مستقبل کو بچانے کے لئے انھوں نے میدک انجینئرنگ کالج کے صدر نشین سید خورشید احمد سے تعاون حاصل کرتے ہوئے اب تک تقریباً ایک لاکھ روپئے کی کتابیں حاصل کیں۔ اس موقع پر بیسٹ جرنلسٹ، سینئر سٹیزن، بیسٹ لکچرارس اور بیسٹ ٹیچرس مسلم اور غیر مسلم کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بیسٹ جرنسلٹ اردو مسٹر کلیم الرحمن اور محمد حبیب الدین، مسٹر کے انجیا اور توٹا اشوک کی گلپوشی و شال پوشی اور مومنٹو ریاستی وزیر کے ہاتھوں دیا گیا۔ اس جلسہ میں تحریری و تقریری مقابلوں میں اردو میڈیم و تلگو میڈیم کی کامیاب طالبات کی گلپوشی کرتے ہوئے انھیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پرنسپال گورنمنٹ گرلز جونیر کالج ناگمنی کمار، نائب صدر ملت اسلامیہ غوث محی الدین، گرلز ہائی اسکول صدر معلمہ شریمتی کرشنا وینی اور سید خورشید احمد نے بھی جلسہ کو مخاطب کیا۔