اردو میڈیم طلبہ اور اساتذہ کی ممکنہ مدد کا وعدہ

سرپورٹاؤن۔/10مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے گرلز اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم میں پیر کے روز اردو میڈیم اسکول مینجمنٹ کمیٹی ( اولیاء طلباء کمیٹی ) کے خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت گرلز اپرپرائمری اسکول اردو میڈیم ایس ایم سی کمیٹی، چیرپرسن محترمہ راحت فاطمہ نے کی۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں رکن گرام پنچایت محمد عفت حسین، اراکین کمیٹی محترمہ صابرہ بیگم، محمد شکیل، محمد علی الدین، شبانہ بیگم، آفرین بانو، ساحرہ بیگم موجود تھے۔ جلسہ کی کارروائی کا ہیڈ ماسٹر جناب عزیز خان نے آغاز کرتے ہوئے اردو میڈیم اسکول میں طلباء کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ نائب صدر منڈل پریشد سہیل احمد نے گرلز اپرپرائمری اسکول اردو میڈیم کے ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کا وعدہ کیا۔ اردو میڈیم طلبہ کی ترقی اور ضرورت پڑنے پر مدد کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم طلباء اور اردو میڈیم ٹیچرس کی ضرورت کے مطابق مدد کرنے کا تیقن دیا۔ بعد ازاں اسکول مینجمنٹ کمیٹی اراکین کی جانب سے اردو میڈیم اسکول بلڈنگ کے 6.50 کروڑ کی لاگت سے تعمیراتی کاموں کیلئے قرارداد پیش کرنے کنٹراکٹر کے حوالے کردیا گیا اور جلد از جلد تعمیراتی کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ہیڈ ماسٹر عزیز خاں کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔