مخلوعہ جائدادوں پر تقررات کے لئے پی آر ٹی یو کی ڈی ای او سے نمائندگی
نظام آباد /28 جون (پریس نوٹ) ٹیچرس کی ریشلائزیشن کے تحت بچ جانے والی جائدادوں کو اردو میڈیم کے پرائمری، اپر پرائمری اور ہائی اسکولس میں منتقلی کے لئے ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو کے قائدین کملاکر راؤ، شنکر، خواجہ معین الدین، احمد بخاری، اسرار احمد، افضل بیگ اور سید جاوید نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نظام آباد مسٹر کے لنگیا سے نمائندگی کی ہے۔ ان قائدین نے بتایا کہ ریاست میں ٹیچرس کے ریشلائزیشن کے تحت جائدادوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے اور ضلع کے ایسے اسکولس جہاں پر ٹیچرس کی شدید کمی ہے، اس کو پورا کرنے کے لئے ریشلائزیشن کیا جا رہا ہے۔ ٹیچرس تنظیم کے ان قائدین نے بتایا کہ ضلع نظام آباد کے اردو میڈیم پرائمری اور اپر پرائمری اسکولس میں ٹیچرس کی شدید کمی ہے اور کئی اسکولس بغیر مستقل ٹیچرس کے کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح اردو میڈیم ہائی اسکولس میں بھی مضمون واری ٹیچرس کی شدید کمی ہے، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے اور ایس ایس سی (دسویں) جماعت کے نتائج پر کافی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جس سے اردو داں طبقہ میں شدید ناراضگی پیدا ہو گئی ہے اور سرکاری اسکولوں کی نیک نامی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ضلع کے بیشتر اردو میڈیم ہائی اسکول کی نیک نامی کو بحال کرنے کے لئے مثبت اقدامات ضروری ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولس میں مضمون تلگو اور انگریزی کے بھی ٹیچرس نہیں ہیں، جس سے ان دونوں مضامین کے نتائج حوصلہ شکن برآمد ہو رہے ہیں، جس سے طلبہ کا ایک قیمتی تعلیمی سال ضائع ہو رہا ہے۔ تنظیم کے قائدین نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نظام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع نظام آباد کے گورنمنٹ اور ضلع پریشد اردومیڈیم ہائی اسکولس میں جہاں کہیں بھی مضامین ریاضی، حیاتیات، طبعیات، سماجی علم کے علاوہ مضمون اردو کی تدریس کے لئے ٹیچرس کی جائدادیں منظور شدنی ہیں، ریشلائزیشن کے تحت بچ جانے والی جائدادوں کو اردو میڈیم اسکولس کے لئے مختص کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر نظام آباد نے تنظیم کے قائدین کو تیقن دیا کہ وہ ان کی نمائندگی پر مثبت اقدامات کریں گے، اس طرح امید کی جا رہی ہے کہ ٹیچرس کی جاریہ ترقی و تبادلہ کونسلنگ میں ضلع نظام آباد کے اردو میڈیم اسکولس کے مسائل کی یکسوئی ہوگی۔