بیدر:28مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرکاری اردو ہائیرپرائمری اسکول گولہ خانہ کے تمام اساتذہ بارودگلی اور قادریہ پورہ میں سی آرپی محمدجاوید احمد منیارتعلیم اور سی آرپی محمدالیا س حمیلہ پور کی قیادت میں گھر گھر دستک دے کر سرکاری اردو اسکول گولہ خانہ میں بچوں کا داخلہ کرواتے نظر آئے۔ جن میں صدرمعلمہ صابرہ بیگم، معلمین میں فریدہ بیگم ٹی جی ٹی ، مرزا انصاراللہ بیگ، محترمہ عفت فاطمہ ، ظہورفاطمہ ، سبیل النساء بیگم، چندرماں (کنڑ اٹیچر) ، روزمیری(فزیکل ٹیچر) اور محترمہ انجم زیبا علوی شامل رہیں ۔ وارڈ نمبر8کے کونسلر جناب عتیق احمد اور محلہ کے درد مندذمہ دارکی حیثیت سے محمدریاض چندانے اردو ٹیچرس کی اس ٹیم کاداخلہ کروانے میں رہنمائی کی۔ ایک خاتون خانہ نے سرکاری اسکول کے ان اساتذہ سے کہا، کہ کہاجاتاہے کہ سرکاری اسکولوں میں پڑھائی نہیں ہوتی پھر ہم کیسے اسکول میں داخل کریں ۔ ٹیچر س نے جواب دیا۔ اسکول قریب ہے ، آپ آکر دیکھ سکتی ہیں یابچے کی کاپیاں چیک کرکے معلوم کرسکتی ہیں کہ پڑھائی ہورہی ہے یانہیں۔ ایک دادی ماں نے اس ٹیم سے خود اپنی رضامندی کے ساتھ کہتے ہوئے نظرآئیں کہ میری پوتی کو سرکاری اردو اسکول میں داخل کرلو۔اساتذہ کو احسا س ہواکہ خود آگے بڑھ کر سرکاری اسکولوں میں داخلہ کروانے والے آج بھی موجودہیں۔ سی آرپی محمدالیا س ایک مکان پر اس بات کی ترغیب دیتے نظر آئے۔ 30مئی کو ’’جشن شروعاتِ مدرسہ‘‘ گولہ خانہ اسکول میں ہے۔ اس دن بچوں میں کتابوں ، یونیفارم اور دیگر ا شیاء کی مفت تقسیم عمل میں آئے گی ، براہِ مہربانی 30مئی کو اسکول تشریف لائیں۔ یہ ٹیم ساتھ ہی ساتھ ایک سرخ رنگ کا پمفلٹ تقسیم کررہی تھی جس میں سرکاری اسکول میں طلباء کو ملنے والی سہولتوں کے علاوہ ذمہ دارانِ محلہ گولہ خانہ کی جانب سے گورنمنٹ اردو ہائیرپرائمری اسکول گولہ خانہ میں زیرتعلیم تمام طلبہ وطالبات کو مفت کاپیاں، پن ، پنسل ، تختی ، ٹائی اور بیلٹ بھی تقسیم کرنے کااعلان تھا جسکی تصدیق سی آرپی جاوید احمد نے کی ۔ ایک گھنٹہ کے دوران 15بچوں کاداخلہ عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ سی آرپی منگل پیٹھ جناب ڈیوڈ نے بھی ان داخلوں میں گھرگھر پہنچ کر بچوں کو اسکول میں ڈالنے کی ترغیب دی ۔