اردو آفیسرس کی 66 جائیدادوں کیلئے آج امتحانات

5 مراکز ، 5496 امیدوار،سخت ترین سیکورٹی: پروفیسر ایس اے شکور

حیدرآباد۔/19 مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کی جائیدادوں کیلئے 20 مئی کو حیدرآباد کے 5 مراکز پر امتحانات منعقد ہوں گے۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کی نگرانی میں امتحانات کا انعقاد عمل میں آئیگا۔ گریڈ I اور گریڈ II اردو آفیسرس کی جائیدادوں کیلئے جملہ 5496 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ گریڈ I کیلئے 978 اور گریڈ II کیلئے 4518 امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔ گریڈ II کا امتحان صبح 10تا ایک بجے دن رہے گا جبکہ گریڈ I کے امتحانات دوپہر 2 تا شام 5 بجے تک رہیں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایسے امیدوار جو دونوں عہدوں کیلئے امتحان لکھ رہے ہیں ان کیلئے ایک ہی سنٹر میں انتظام کیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز پر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ I اور گریڈ II کے امیدواروں کیلئے جومرکز الاٹ کیا گیا وہ گوکا راجو رنگا راجو انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی باچ پلی کوکٹ پلی ہے جبکہ دیگر 4 مراکز میں نظام کالج بشیر باغ، ایم ایل آر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی قطب اللہ پور، وی این آر وگنانا جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ باچ پلی کوکٹ پلی اور ملاریڈی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کوم پلی میں گریڈ II کے امتحانات ہوں گے۔ امتحانی مراکز پر نگرانی کیلئے عہدیداروں کو ڈیوٹی الاٹ کی گئی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نظام کالج بشیر باغ سنٹر پر رہیں گے۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) کو گوکا راجو رنگاراجو انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کی ذمہ داری دی گئی۔ محمد عبدالوحید آئی ایف ایس (ایم ایل آر انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی قطب اللہ پور )، بالا سبرامنیم ریڈی ( وی این آر وگنانا جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی باچ پلی ) اور کے جی پرمبھا ڈپٹی ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو ملاریڈی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں، سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور تمام مراکز کا معائنہ کریں گے۔ عہدیداروں کیلئے شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں جس کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ جے این ٹی یو کی جانب سے علحدہ آبزرورس کی ٹیم مقرر کی گئی ہے جو ہر سنٹر پر موجود رہیں گے اور روٹ آفیسرس کے طور پر تمام مراکز کا فلائننگ اسکواڈ کی طرح معائنہ کریں گے۔ مراکز پر امیدواروں کو مقررہ وقت سے پہلے پہنچنا ہوگا۔ ایک منٹ کی تاخیر پر داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مرد اور خاتون امیدواروں کی تلاشی کے بعد ہی داخلہ دیا جائے گا ۔ کسی کو الیکٹرانک آلات لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحانات کے بعد جے این ٹی یو اندرون ایک ماہ نتائج کا اعلان کردے گا اور پھر تقررات عمل میں آئیں گے۔ گریڈ I اور گریڈ II اردو آفیسرس کو چیف منسٹر کے دفتر ، وزراء کے چیمبرس اسمبلی ، کونسل، ضلع کلکٹریٹس اور دیگر دفاتر میں تعینات کیا جائیگا۔