ارجنٹینا اور ہالینڈ کے درمیان آج دوسرا سیمی فائنل

ساؤپاؤلو۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) لیونل میسی کے زیرقیادت ارجنٹینا اور ارجن رابن کی ٹیم ہالینڈ کے درمیان کل یہاں ساؤپاؤلو کے کورین تھینس ایرینا میں فیفا ورلڈ کپ 2014 کا دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا ۔ ارجنٹینا جس نے 1990 ء میں آخری مرتبہ فائنل کھیلا ہے وہ کل ایک بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ایک عرصہ کے بعد دوبارہ خطابی مقابلے میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کے علاوہ اپنے سابق عظیم کھلاڑی الفریڈو ڈی اسٹیفانو جو کہ 88 برس کی عمر میں پیر کو انتقال کرگئے ہیں ان کو ایک بہتر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کوشاں ہوگا ۔ دوسری جانب نیدرلینڈ بھی اپنے شاندار فارم کو حاصل کرنے کے علاوہ 1974 ، 1978اور 2010 ء کے خطابی مقابلوں کی ناکامی کے سلسلے کو توڑنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔

اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ہالینڈ کے گریگ کویٹ نے فیفا ڈاٹ کام پر کہا کہ سیمی فائنل ، فائنل سے کم نہیں ہوتا کیونکہ ناکامی کا مطلب ورلڈ کپ سے خالی ہاتھ لوٹنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کامیابی حاصل کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ارجنٹینا ایک عالمی معیار کی ٹیم ہے جو کہ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں قطعی 4 ٹیموں میں اپنے مقام کی مستحق ہے ، لیکن ہم اس کے خلاف بہتر مظاہرہ ہی نہیں کریں گے بلکہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشاں بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم یہاں موجود ہیں۔ ہالینڈ کے دوسرے مرحلے کے خطابی مقابلے کی ناکامی ارجنٹینا کے خلاف ہی درج کی گئی ہے جیسا کہ اُسے حریف ٹیم نے بیونس آئرس کے مونو مینٹل اسٹیڈیم میں 3-1 سے شکست دی تھی ۔ سیمی فائنل میں ارجنٹینا کی پھر ایک مرتبہ تمام تر اُمیدیں سوپر فور اور میسی پر مرکوز ہیں۔