ارجنٹیناکی24برس بعد فائنل میں رسائی

ریوڈی جنیرو ۔ 10جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں رواں فٹبال ورلڈ کپ2014 میں ارجنٹینا نے ایک انتہائی سنسنی خیز اور مسابقتی مقابلہ میں پنالٹی شوٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں برازیل کو شکست دینے والی ٹیم جرمنی سے ہوگا ۔ لیونل میسی کی زیرقیادت ارجنٹینا نے پنالٹی شوٹ میں اپنی حریف ہالینڈ کو 4-2گول سے شکست دے کر 24 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔مقررہ اور اضافی وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔اس نتیجہ کے بعد 13جولائی کو ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے منگل کو میزبان برازیل کو 6گول کے فرق سے ہرایادیا ۔ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہونے والی گولس کی بارش کے برعکس ساؤ پاؤلو کے دوسرے سیمی فائنل میںارجنٹینا اور ہالینڈ کا مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔اس میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف کے کھیل میں دونوں جانب سے گول کرنے کے کوئی قابلِ ذکر کوشش دکھائی نہیں دی۔ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں نے جہاں ارجنٹینا کے لیونل میسی کو گھیرے رکھا اور انھیں کُھل کر کھیلنے نہیں دیا وہیں

ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی میشارانو آئن روبن پر توجہ مرکوز کئے دکھائی دیئے۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے دفاعی انداز کی وجہ سے کھیل کی رفتار بھی سست رہی جس کی وجہ میدان میں موجود شائقین میں مایوسی دیکھائی دی ۔اس ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں بھی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔مقررہ وقت کے دوسرے ہاف کے دوران ارجنٹینا کو گول کرنے کا پہلا واضح موقع 74ویں منٹ میں ملا تاہم ہیگوائن نہ صرف آف سائیڈ تھے بلکہ ان کا نشانہ بھی چوک گیا۔ ہیگوائن کی کوشش کے کچھ ہی دیر بعد ارجنٹینا کے کوچ نے انھیں باہر بلا کر کوارٹر فائنل میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے نہ کھیلنے والے سرجیو اگویئروکو میدان میں اتارا لیکن وہ بھی مقررہ وقت کے اختتام تک اپنی ٹیم کو برتری دلوانے میں ناکام رہے۔

مقررہ وقت کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی میشارانو کے آئن رابن کے یقینی گول کو روک کر ہالینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور اس دوران ارجنٹینا کو ہی دو مرتبہ گول کرنے کے مواقع ملے‘ لیکن پہلے رودریگز پلاسیو کا کمزور ہیڈر کیپر نے باآسانی روک لیا اور پھر میکسی رودریگز کی کمزور کک بھی انھیں چکمہ دینے میں ناکام رہی۔ارجنٹینا کے سرجیو رمیرو نے ہالینڈ کے ولار کی پہلی پنا لٹی روکی جبکہ ارجنٹینا کی جانب سے میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے اگلی پنالٹی پر رابن نے گول کر کے ختم کر دیا۔

گیرائے نے ارجنٹینا کی جانب سے دوسری پنالٹی پر گول کیا اور ایک مرتبہ پھر ارجنٹینا کو سبقت حاصل ہوگئی ۔ہالینڈ کے شنائیڈر بھی گول نہ کر سکے اور ارجنٹینا کی برتری دو گول کی ہوگئی۔اگوایرو نے ارجنٹینا اور کاؤت نے ہالینڈ کے لئے پنالٹی پر گول کیا اور پھر ارجنٹینا کی چوتھی پنالٹی پر جب میکسی رادریگز کی شاٹ گول میں گئی تو ارجنٹینا تقریباً ڈھائی دہے بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔سیمی فائنل میں شکست کے بعد ہالینڈ کی ٹیم ہفتہ کو تیسرے اور چوتھے مقام کے میچ میں برازیل سے مقابلہ کرے گی۔