اراضی بل پینل میں بایاں بازو کو نمائندگی نہ دینے کی شکایت

نئی دہلی ۔13 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں آج سی پی آئی ایم ارکان نے اراضی حصولیابی بل پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں بایاں بازو کو خاطر خواہ نمائندگی نہ دینے کی شکایت کی ۔ انھوں نے پینل کی تشکیل صرف اعداد کا اُلٹ پھیر ہونے کا الزام عائد کیا۔ منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی اُمور مختار عابس نقوی نے جب کہا کہ لوک سبھا سی پی آئی ( ایم ) رکن محمد سلیم اس کمیٹی کے رکن ہیں تب پارٹی لیڈر سیتارام یچوری نے کہا کہ صرف ایک لوک سبھا رکن کو شامل کرنا راجیہ سبھا میں ارکان کو نظرانداز کرنے کا جواز نہیں ہوسکتا ۔ انھوں نے کہاکہ 30 رکنی کمیٹی کی تشکیل صرف اعداد و شمار کی اُلٹ پھیر ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے تمام پارٹیوں بشمول سی پی آئی ( ایم ) سے پینل میں شمولیت کیلئے نام طلب کئے ۔