اراضیات کے فرضی دستاویزات کے ذریعہ رقم ہڑپنے والی ٹولی بے نقاب

حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کو سرور نگر پولیس نے ناکام بنادیا اور ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ ایل بی نگرڈی سی پی مسٹر ایم راما راؤ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی اور کہا کہ 54 سالہ گاجولہ کرشنا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو اسمعیل خاں پیٹ ضلع سنگاریڈی کا ساکن ہے جبکہ اس ٹولی کے اصل سرغنہ مبارک علی خاں ساکن غازی بنڈہ علی آباد اور ونورا نامی خاتون ساکن اسمعیل خاں پیٹ مفرور بتائے گئے ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ 1400 گز اراضی جس کو موجودہ قیمت مارکٹ کے لحاظ سے 4 کروڑ روپئے کی ہے اس پر فرضی دستاویزات کے ذریعہ قبضہ اور فروخت کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایک شکایت پر پولیس سرور نگر نے کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور مفرور افراد کی تلاش جاری ہے۔