اراضیات پر نا جائز قبضہ جات ‘سائبر آباد پولیس کی سخت کارروائی

،پانچ افراد جیل منتقل ‘فرضی دستاویزات کی تیاری اور دھمکیوں کا شاخسانہ
حیدرآباد 20 فبروری (سیاست نیوز) اراضیات پر نا جائز قبضہ اور کسی بھی اراضی کو فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے ہڑپنا یا فروخت کردینا ایسی سرگرمیاں سائبر آباد حدود میں زور پکڑ تی جارہی ہیں تاہم ان معاملات میں کہیں پولیس ساتھ مل جاتی ہے تو کہیں پولیس سختی سے کارروائی انجام دے رہی ہے تاہم سائبر آباد میں اراضی تنازعوں کی یکسوئی کیلئے تیار کردہ نظام اسٹانڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر ( ایس او پی ) کے بعد پولیس بھی چوکس ہوگئی ہے اس طرح کے دو علحدہ واقعات میں گچی باولی اور مائیلار دیو پلی پولیس نے علحدہ علحدہ کارروائی میں 5 افراد کو جیل منتقل کردیا ۔ گچی باولی پولیس نے غیر مجاز طور پر ایک شخص کی اراضی کو ہڑپنے کی کوشش میں ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ گچی باولی پولیس کے مطابق شہر کے عیدی بازار علاقہ سے تعلق رکھنے والے وظیفہ یاب شہری محمد عمر کی اراضی پر بورا بنڈہ کے ساکن 48 سالہ ملادھری نے قبضہ کرلیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گوپن پلی تاج نگر علاقہ میں عمر نے اراضی خریدی تھی اور اس پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی کوشش کے دوران ملا دھری نے اراضی پر قبضہ کرلیا اور اپنے حامیوں کے ذریعہ عمر اور ان کے افراد خاندان کو مبینہ طور پر دھمکیاں دے رہا تھا ۔ عمر نے مسئلہ کو گچی باولی پولیس سے رجوع کردیا تھا۔ پولیس نے اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نا جائز قابض مالا دھری کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔ اس طرح مائیلا دیو پلی پولیس نے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے معصوم عوام کو دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے 5 افراد منان‘ شاکر فیروز ‘شروت اور آزاد کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔