نئی دہلی ۔ 25 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار مڈ فیلڈر سردار سنگھ مکمل طاقت والی انڈین مینس ہاکی ٹیم کی 24 ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں قیادت کریں گے جو 5 تا 12 اپریل ملیشیا کے شہر آئیپو میں منعقد شدنی ہے ۔ اذلان شاہ کپ انویٹیشنل ٹورنمنٹ ہونے کے باوجود ہندوستان میں طاقتور 18 رکنی اسکواڈ کے ساتھ شرکت کا فیصلہ کیاہے جبکہ گزشتہ ڈسمبر کی چمپینس ٹرافی منعقدہ بھوبنیشور کے مطابق محض تین تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ مڈ فیلڈر دانش مجتبیٰ ، اسٹرائیکر للت اُپادھیائے اور ڈیفنڈر گرجیندر سنگھ تین کھلاڑی ہیں جو اذلان شاہ میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے اور اُن کے مقامات پر مڈفیلڈر چنگ لنگ سانا سنگھ اور فارورڈس ستبیر سنگھ اور مندیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ سردار سنگھ جہاں اس ٹیم کے کپتان ہوں گے وہیں گول کیپر پی آر سریجیش بدستور اُن کے نائب ہوں گے ۔ دو گول کیپرس سریجیش اور ہرجوت سنگھ کے علاوہ اسکواڈ میں پانچ ڈیفینڈرس گربخش سنگھ ، روکھیندر پال سنگھ ، بریندر لاکڑا ، کوتھا جیت سنگھ اور وی آر رگھوناتھ ہوں گے ۔ مڈ فیلڈ کی ذمہ داری سردار سنگھ کی ماہرانہ ہاکی کے تحت رہے گی اور انھیں من پریت سنگھ ، دھرم ویر سنگھ ، چنگ لنگ سانا اور ایس کے اُتھپا کی اعانت حاصل رہے گی ۔ جبکہ رام دیپ سنگھ ، ایس وی سنیل ، آکاش دیپ سنگھ ، نکن تمیا ، ستبیر اور مندیپ ہندوستان کی فارورڈ لائن کو سنبھالیں گے ۔یہ ولندیزی پال وان کی نئے کوچ کی حیثیت سے پہلی مصروفیت رہے گی ۔