اپوہ (ملائیشیا)۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)26 ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پہلی جیت درج کی ہے۔ اتوار کو اس نے نیوزی لینڈ کو 3-0 سے شکست دی۔ ہندوستان نے 23 ویں منٹ میں برتری حاصل کی، جب مندیپ سنگھ نے گول داغا۔ اس کے بعد 27 ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ نے شاندار ڈریک فلک کے ذریعے ہندوستان کو 2-0 سے آگے کر دیا۔ 48 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر تے ہوئے ہرمن پریت نے ہندوستان کو 3-0 کی برتری دلا دی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ہفتہ کو ہندوستان نے ڈرا کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ پہلے مقابلے میں برطانیہ کے خلاف یہ وہ مقابلہ 2-2 سے ڈرا ہوگیا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے پہلا گول آکاش دیپ سنگھ نے 19 ویں منٹ میں کیا۔ جبکہ 25 ویں منٹ میں برطانیہ کے ٹام کیرسن نے برابری کا گول داغا۔ 47 ویں منٹ میں مندیپ سنگھ نے ہندوستان کو 2-1 سے برتری دلا دی۔ لیکن 53 ویں منٹ میں برطانیہ کی جانب سے ایلن فار ستھ نے اسکور کو برابر کر دیا۔پانچ بار کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم ہاکی ورلڈ لیگ (HWL) کے سیمی فائنل سے پہلے یہ بڑا ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے۔ HWL کا یہ مقابلہ جون میں ہوگا۔ ہندوستان یہ ٹورنامنٹ پانچ بار جیت چکا ہے (1985، 1991، 1995، 2009 اور 2010 میں مشترکہ طور پر)۔ جبکہ آسٹریلیا نے سب سے زیادہ 9 بار چیمپئن بننے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ملائیشیا کے اپوہ میں یہ زبردست ٹورنامنٹ 6 مئی تک جاری رہے گا۔ جس میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے علاوہ میزبان ملائیشیا، نیوزی لینڈ، جاپان، برطانیہ اور کوریا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔