اذلان شاہ کپ ، ہندوستانی ہاکی ٹیم ملیشیا روانہ

بنگلورو۔28 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ہندستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کا18 رکنی وفد 27 ویں اذلان شاہ کپ میں حصہ لینے کے لئے ملیشیا روانہ ہوگیا۔کپتان سردار سنگھ کی قیادت میں ہندستانی ٹیم گذشتہ رات یہاں کیمپوگوڑا بین الاقوامی ایرپورٹ سے ملیشیا کے لئے روانہ ہوئی۔ ٹورنمنٹ میں ہندستانی ٹیم اپنی مہم کی شروعات ہفتہ کو ریو اولمپک کی گولڈ میڈل فاتح اور دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ارجنٹینا کے خلاف مقابلے سے کرے گی۔ملیشیا میں3 تا10 مارچ ہونے والے اس ٹورنمنٹ کے علاوہ انگلینڈ، آْئیر لینڈ اور میزبان ملیشیا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ہندستانی ٹیم اپنا دوسرا مقابلہ اتوارکو انگلینڈ سے ،تیسرا مقابلہ منگل کو آسٹریلیا سے ، چوتھا مقابلہ چہارشنبہ کو میزبان ملیشیا اور پانچوا ں جمعہ کو آئرلینڈ سے کھیلے گی۔ فائنل10 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ کپتان سردار سنگھ نے ملیشیا روانہ ہونے سے پہلے میڈیا سے کہا کہ ان کی ٹیم ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندستانی ٹیم میں دنیا کی نمبر ایک آسٹریلیا اور اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو بھی شکست دینے کی صلاحیت ہے ۔سردار سنگھ نے کہا یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم ٹورنمنٹ کی شروعات صحیح طریقے سے کریں۔ ارجنٹینا کے خلاف اچھے میچ سے ٹورنمنٹ کے باقی میچوں میں ٹیم کا حوصلہ بڑھے گا۔ فائنل میں جگہ بنانے کے لئے لیگ پول کے سطح کے تمام میچ ضروری ہیں۔ ہندستانی ٹیم گزشتہ سیزن میں نیوزی لینڈ کو 0-4 سے شکست دے کر تیسرے نمبر پر رہی تھی جب کہ برطانیہ نے آسٹریلیا کو 3-4 سے شکست دے کر فائنل جیت لیا۔