اذلان شاہ ، اولمپک تیاریوں کیلئے اچھا موقع : سردار سنگھ

بنگلورو ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اولمپکس کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈیا ہاکی ٹیم کیپٹن سردار سنگھ نے آج کہا کہ آنے والے ٹورنمنٹس جیسے سلطان اذلان شاہ کپ اور چمپینس ٹروفی ، ریو گیمزسے قبل کے دنوں میں تیاری کیلئے اہم ایونٹس کا کام کریں گے۔ سردار نے کہا کہ فوری طور پر اُن کی توجہ آئپوہ میں 6 تا 16 اپریل کے سلطان اذلان شاہ کپ میں گولڈ جیتنے پر مرکوز ہے، لیکن عظیم تر مقصد چمپینس ٹروفی میں تمغہ والا مظاہرہ پیش کرنا ہے، جو لندن میں 10 تا 17 جون مقرر ہے۔ سردار یہاں ٹریننگ کیمپ کے دوران جو ایس اے آئی سنٹر میں جاری ہے، میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ ہمارا کافی مصروف شڈیول ہے۔ لہٰذا ہمیں کھلاڑیوں کے طاقتور گروپ کی ضرورت ہے جن کے بل بوتے پر ٹیم آگے بڑھے گی۔ ہندوستانی ٹیم کو سلطان اذلان شاہ کپ میں قابل لحاظ کامیابی ملی ہے، جیسا کہ وہ اس ایونٹ کو پانچ مرتبہ جیت چکے ہیں۔ گزشتہ سال ہندوستان نے تیسرے مقام پر اختتام کیا تھا اور سردار نے کہا کہ اُن کی ٹیم کا ٹارگٹ اس مرتبہ بہتر کارکردگی پیش کرنا ہے۔ رواں سال ہندوستان کے علاوہ ڈیفنڈنگ چمپینس نیوزی لینڈ، 2012ء اولمپک برونز میڈلسٹ آسٹریلیا، پاکستان، جاپان، کناڈا اور میزبان ملائیشیا اس باوقار ٹورنمنٹ میں مسابقت کرتے نظر آئیں گے۔