ادونی۔ 12 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مارچ 30کو منعقدبلدیہ انتخابات کی گنتی آج کرنول شہر کے سینٹ جوزف کالج میں منعقد کی گئی ۔ سیکیوریٹی کے کڑی بندوبست کے درمیان صبح 8 بجے سے گنتی کا آغاز ہوا۔ ضلع بھر کے 219میونسپل حلقوں کی گنتی دوپہر 11-30 بجے مکمل کرلی گئی۔ ادونی کے 41وارڈوں کی گنتی بھی اسی درمیان کی گئی۔ جس میںوائی ایس آر کانگریس کو 23، ٹی ڈی پی 13،مجلس اتحاد المسلمین 5کو نشستیں حاصل ہوئی ۔ جیسے ہی یہ خبر ادونی شہرمیں موصول ہوئی ادونی مسلم اکثریتی علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ پڑی کیونکہ پہلی بار مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے بلدی انتخابات میں5نشستیں حاصل ہوئیں۔ کامیابی حاصل کرنے والے مجلسی امیدوار فیاض احمد ( حلقہ خونی محلہ)، دلاور ( حلقہ بیر کی محلہ ) ، محمد اسمعیل ( حلقہ کوڑیال پیٹ)، محمد عظیم ( حلقہ فرید صاحب محلہ )اور کلیم اللہ ( حلقہ قاضی پورہ) نے کامیابی حاصل کی ۔ علاوہ ازیں ان انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے دیگر مسلم امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی۔