تیز دھوپ کے باوجود رائے دہندوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا
ادونی /30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ادونی بلدی انتخابات کے 42وارڈوں میں آج صبح 7-00 بجے سے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ۔ ووٹروں نے رائے دہی کیلئے صبح کے اولین ساعتوں سے ہی قطارو ں میں ٹہرے نظر آئے۔ کڑی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر ، مرد ، خواتین ، ضعیف ، معذور اور پہلی مرتبہ حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے ووٹر بھی نظر آئے۔ کسی بھی طرح کی صورت سے نمٹنے کیلئے پولنگ بوتھ کے قریب کڑی پولیس نگرانی رکھی گئی تھی۔ ایک دو مقامات پر امیدوارو ں میں جھڑپیں دیکھی گئیں ۔ بعد ازاں پولیس فوری حرکت میں آکر اس کو قابو میں کرلیا۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلم ووٹروں نے بھی اپنا بھر پور حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ واضح ہوکہ ضلع بھر کے آٹھ حلقوں میں آج بلدی انتخابات منعقد کئے گئے۔ جس میں ادونی ، ڈون ، نندیال، یمگنور ، آتماکور ، آرلا گڈا، نندی کٹکور ، گوڈور شامل ہیں۔ انتخابات کیلئے کل 3061سرکاری ملازمین سے خدمت لی گئی۔ کل 486پولنگ بوتھس شامل ہیں ۔ ان پولنگ بوتھوں کیلئے 609 انتخابی افسران سے خدمت لی گئی۔ اس انتخاب کیلئے کل 486 ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا۔ اور 154مشینوں کو زائد رکھا گیا تھا ۔ تاکہ کسی بھی صورت میں ضرورت پڑنے پر دوسری مشین استعمال کی جاسکے ۔ اور حساس مقامات پر 229 ویب کیمروں سے بھی مدد لی گئی۔ پولنگ شام کے 5 بجے تک جاری رہی۔ مجموعی طور پر ادونی بلدیہ انتخابات پر امن رہے۔ کمشنر کی اطلاع کی مطابق ادونی بلدیہ کا انتخابی فیصد 54.5 رہا ۔ ووٹوں کی گنتی 2 اپریل کو ہوگی۔