ادونی میں یادِ خواجہ حسن ثانی نظامی دہلوی کا انعقاد

ادونی /20 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) موجودہ صدی کے عظیم روحانی شخصیت حضرت خواجہ سید نظام الدین اولیاء محبوب الہیٰ کے خلیفہ حضرت خواجہ حسن ثانی نظامی دہلوی ؒ کی خدمات میں ایک بھر پور خراج عقیدت ادونی شہر میں واقع کے کے بی فنکشن ہال میں ’’ یادِ خواجہ حسن ثانی نظامی دہلوی ؒ ‘‘ کے عنوان پر سیمینار و طرحی منقبتی مشاعرے کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ یہ اجلاس حضرت خواجہ محمدنظامی دہلوی کے زیر سرپرستی منعقد ہوا۔ اس موقع پر ناظم جماعت نظامیہ ادونی محمد خالد نظامی کے زیر نگرانی تمام تر نشستیں کا اہتمام عمل میں آیا۔ پہلی نشست قرآن خوانی و حلقۂ ذکر بمقام مہتر مسجد ادونی میں انجام پائی ۔ بعد ازاں سیمینار و طرحی منقبتی مشاعرہ کے کے بی فنکشن ہال میں منعقد کیا گیا ۔ سیمینار کی صدارت حضرت علامہ رحمان جامی حیدرآبادی نے انجام دی۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت سید پیر پاشاہ صاحب نظامی ، مولانا سید ہاشم عارف پاشاہ قادری ، سید ابو تراب پاشاہ قادری ، الحاج محبوب پیر صاحب نظامی ، حضرت محمد اسمعیل شمش الدین ، حضرت سید لطیف پاشاہ حسینی ، حضرت سید قدرت اللہ قادری پبلشر ماہنامہ بزم آئینہ کرنول،وغیرہ شریک رہے ۔ اس موقع پر پروفیسر قاری عبدالحمید ، اکبر صاحب صدر شعبہٗ اردو و فارسی گلبرگہ یونیورسٹی ، حضرت انیس نظامی نانڈیڑ ، حضرت شیدا ء رومانی رائچور، رزاق صاحب رائچور، بایار صاحب رائچور، وغیرہ نے اپنے اپنے مسودات سیمینار میں سنائے ۔بعد ازاں تیسری اور آخری نشست طرحی منقبتی مشاعرہ بطرح ’’ کمالِ فقرِ رحمانی حسن ثانی حسن ثانی ‘‘ پر بیرونی اور مقامی شعراء نے اپنے اپنے کلام سناکر داتِ تحسین حاصل کی۔ مقامی شعرا میں یوسف شماسؔ، سلیم اسلم نظامیؔ ، اختر رومانی، ظہیر حیدریؔ، اقبال نظامی ، شیخ مدنی ، عارف نعمانی ؔ، سبحان شاہد ؔ ، حسین کاظم ، علیم صدیقی ، مخدوم یسیری ، ولی نظامی ،محمد جیلانی پاشاہ وغیرہ اور بیرونی شعراء میں انیس نظامی ، شیدارومانی، ظہیر بایار، وغیرہ اپنے اپنے کلام سنائے ، آخرمیں خواجہ سید محمد نظامی دہلوی خلیفہ و جانشین حضرت خواجہ سید حسن ثانی نظامی سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب الہیٰؒ نئی دہلی نے جلسہ سے مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ اگر زندگی کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں روح کو پاک رکھنا ضروری ہے ۔ روح تبھی پا ک ہوتی ہے جب دل پاک ہو ۔ انھوں نے کہا کہ جب تک عملی میدان میں مسلمان نہیں اترتے اس وقت تک مسلمانوں کو ترقی مل سکتی ۔ انھوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے آپ کو متحد ہوکر کامیاب زندگی گذاریں ۔ آخر میں محمد خالد نظامی نے جلسہ کو کامیاب بنانے پر تمام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کی نظامت ایم ولی نظامی صدر مدرس انڈر پیٹ گرلز ہائی اسکول نے انجام دی۔ اس موقع پر شہر کے تمام سیاسی قائدین کے علاوہ رکن اسمبلی ادونی سائی پرساد ریڈی، سابق مارکٹ یارڈ چیرمن دیوی شیٹی پرکاش، نائب صدر نشین بلدیہ الطاف حسین ، خطیب محمد علی ہاشمی ، قاضی شہر الطاف حسین وغیرہ شریک رہے ۔ مشاعرے کے اختتام کے ساتھ ہی لنگر عام انتظام کیا گیا ۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں عشاقانِ نظام الدین اولیاء دہلوی شریک رہے ۔