حیدرآباد۔/30جون، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ملاوٹ شدہ ادرک لہسن پیسٹ تیار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ اشیاء برآمد کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 44سالہ محمد فرید، 40سالہ محمد جبار ساکن بی بی کا چشمہ فلک نما اور 45سالہ اے انجیا ساکن اپو گوڑہ چھتری ناکہ مشہور برانڈ کے کے کچن کنگ اور انکت برانڈ کے نام سے ملاوٹ شدہ ادرک لہسن پیسٹ تیار کرکے مارکٹ میں فروخت کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اچی ریڈی نگر علاقہ میں ایک مقام پر اسے تیار کیا جارہا تھا۔ ملاوٹ شدہ پیسٹ میں اسینس کا استعمال کیا جارہا تھا جو صحت کیلئے مضر ہے۔ مذکورہ پیسٹ کو تیار کرکے انہیں 200تا 300 کیلو مقدار کے ڈرمس میں محفوظ رکھا جارہا تھا اور اسے مارکٹ میں فروخت کیا جارہا تھا۔ ٹاسک فورس نے بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ ادرک لہسن پیسٹ برآمد کرتے ہوئے مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا۔