اخوت و بھائی چارگی کے سبب ملک ترقی کی سمت گامزن

گلبرگہ-2 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز: ممتاز عوامی قائد ،وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن ،پبلک انٹر پرائیزیس، اوقاف و ضلع انچارج وزیر گلبرگہ الحاج قمر الاسلام نے عمرہ سے واپسی کے بعد پیر کے دن اپنی رہائش گاہ گلبرگہ پر ایک پر ہجوم صحافتی کانفرینس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انھو ں نے سعودی عرب سے بنگلور واپسی پر ریاستی قائیدین کانگریس سے کرناٹک اور علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے اضلاع میں انتخابی سرگرمیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر ایشوراپا کانگریس قیادت پر بے جا تنقید کررہے ہیں۔ خود بی جے پی ان دنوں پھوٹ کا شکار ہے ۔ بی جے پی کے سینئیر ترین قائدین جسونت سنگھ، سشما سوراج اور ایل کے اڈوانی وغیرہ کو نظر انداز کئے جانے کے سبب پارٹی کے حلقوں میں نہایت بے اطمینانی پائی جاتی ہے۔پارٹی کے سینئیر ترین لیڈروں کونظر انداز کئے جانے کے سبب پارٹی کی ترتیب بگڑ گئی ہے۔ ضلع انچارج وزیرگلبرگہ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ حلقہ پارلیمینٹ گلبرگہ سے مرکزی وزیر ریلوے ممتاز کانگریسی قائد ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے کانگریس امیدوار ہیں۔ وہ ابتداء ہی سے ایک مقبول عام کانگریسی لیڈر رہے ہیں۔ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی پس ماندگی کے خاتمہ اور علاقائی عدم توازن کے خاتمہ کے لئے ڈاکٹر کھرگے نے دستور ہند کی دفعہ371Jکو منظور رکروانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اہم دستوری ترمیم کے لئے ؑ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے عوام مرکزکی یو پی اے حکومت کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے ۔ مرکزی حکومت قیمتوں پر قابو رکھنے کے معاملہ میں ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ ریاستی حکومت بھی اس معاملہ میں مرکز سے بھرپور تعاون کرتی رہی ہے۔ کرناٹک کی حکومت اقلیتی طبقات کی ترقی اور خوش حالی کے لئے کئی ایک منصوبوں پر عمل آوری کررہی ہے۔ اقلیتی طبقات کے ایسے طلبہ جو اعلیٰ تعلیمی نصابوں اور پیشہ ورانہ تعلیمی نصابوں میں داخلہ ملنے کے باوجود فیس داخل کرنے سے مجبور ہیں تو ایسے طلبا کے لئے حکومت نے کرناٹک مائینارٹی ڈیولوپمینٹ فائینانس کارپوریشن کی جانب سے فیسوں کی ادائگی کا انتظا م بھی کردیا ہے۔

ان اقلیتی طلبا و طالبات کی فیس چیکس کے ذریعہ ادا کردی جاتی ہے۔الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ کرناٹک میں مساجد کے ائمہ کے لئے ماہانہ ہدیہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے حکومت نے 47.80 کروڑ روپئے منظور کردئے ہیں۔ اس بات سے اتفاق کیا کہ باوجود ہزار کوشش کے اس پارلیمنٹ میں مخالف فسادات بل منظور نہ ہوسکا ۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لئے یو پی اے حکومت کی جو ووٹوں کی مجبوری ہے اس سے سبھی واقف ہیں ۔ پارٹی کو اکثریت حاصل نہ ہونے کے سبب ایسا ہوا ہے۔ انھو ں نے کہا کہ جسٹس سچر کمیٹی کی تمام سفارشات کو بھی پوری طرح نافذ نہیں کیا جاسکا ۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ان سفارشات پر مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل طور پر عمل آوری ہوسکے گی۔ اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے الحاج قمر الاسلام نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارلیمانی انتخابات کے موقع پر مخالفین کی جانب سے جتنا بھی فرقہ وارانہ پروپگنڈ کیوں نہ کیا جائے وہ کانگریسی امیدواروں کی کامیابی پر اثر انداز نہیں ہوسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ وہ جب بھی دعا کرتے ہیں اس بات کی بھی دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی اس ملک کو پر امن رکھے۔پریس کانفرنس میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی سیکریٹری مولانا محمد نوح بھی شریک تھے ۔ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ انڈئین یونئین مسلم لیگ نے پارلیمانی انتخابات میں کانگریسی امیدواروں کی تائید کا اعلان کی ہے جس کا وہ تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں ۔ الحاج قمر الاسلام کی صحافتی کانفرینس میں صدر بلاک کانگریس کمیٹی گلبرگہ شمال ، و ترجمان پارلیمانی انتخابات مسٹر محمد اصغر چلبل، صدر اتر کانگریس کمیٹی مسٹر عادل سلیمان سیٹھ،مسٹر بھیم ریڈی پاٹل کارپوریٹر کے علاوہ کئی ایک پارٹی قائدین موجود تھے۔سفر عمرہ سے واپسی پر ریاستی نائب صدر کانگریس (اقلیتی سیل ) الحاج الیاس احمد، صحیفہ نگاران مسرز ایم اے حکیم شاکر، ڈاکٹر ماجد داغی، حامد اکمل، عزیز اللہ سرمست، فیروز زنجانی، محبوب علیم ، حامد رضا و دیگر نے الحاج قمر الاسلام کو مبارکباد پیش کی۔