دوبئی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کی جانب سے مصر میں اخوان المسلمین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کی تائید کی ہے ۔ اس طرح اب اخوان المسلمین پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ سعودی عربیہ نے 86 سال سے برسر کا اخوان المسلمین تنظیم کو دوسرے کئی گروپس کے ساتھ جن میں القاعدہ سے رابطہ رکھنے والے گروپس بھی شامل ہیں دہشت گرد گروپس قرار دیا تھا ۔ اس گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والوں یا اس کی تائید کرنے والوں کو پانچ سے 30 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔ اس کا سعودی عرب کی نئی پالیسی میں اعلان کیا گیا ہے ۔
مصر میں اس تنظیم کو ماہ ڈسمبر میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا جس کے بعد سے خلیجی ممالک کی جانب سے اسے دہشت گرد قررار دینے کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ مصر میں فوج کی تائید والی عبوری حکومت اس گروپ کے خلاف ماہ جولائی میں صدر محمد مرسی کی بیدخلی کے بعد سے سرگرم ہے اور اس کے خلاف کارروائیا کی جا رہی ہیں۔ مصر کی عبوری حکومت کا الزام ہے کہ اخوان المسلمین کی جانب سے ملک میں کئی مقامات پر بم حملے کئے گئے ہیں اس کی وجہ سے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا رہا ہے ۔ اخوان المسلمین نے تاہم ایسے کسی حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔