اخلاق و کردار کے ذریعہ انسان کی پہچان

بھینسہ میں جلسہ تقسیم انعامات سے محمد اقبال حسین صدر ایس آئی او کا خطاب
بھینسہ /14 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے کردار اور اخلاق کی بنیاد پر اللہ کے دین کو عام کیا۔ اس دور میں بھی طلبہ و طالبات اپنے اخلاق کو بہتر بناتے ہوئے اساتذہ اور والدین کے نام کو روشن کرسکتے ہیں، کیونکہ اخلاق کے ذریعہ ہی انسان کی پہچان معلوم کی جاسکتی ہے، لہذا طلبہ و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق کو سنوارنے کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار قومی صدر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن محمد اقبال حسین نے بھینسہ یونٹ ایس آئی او کی جانب سے منعقدہ مہم ’’اس صبح کو ہم ہی لائیں گے‘‘ کے جلسہ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے ایس آئی او کی کار کردگی اور مقصد سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا اصل مقصد طلبہ و طالبات کی اندرونی صلاحیتوں کو ابھارنا اور تعلیم کے میدان میں آگے لانا ہے، تاکہ طلبہ مستقبل میں اعلی مقام پر فائز ہوکر اپنے والدین، اساتذہ اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ آج یہاں موجود طلبہ و طالبات مستقبل کے ڈاکٹرس، انجینئرس، سائنسداں اور سیاست داں ہو سکتے ہیں، لیکن طلبہ و طالبات تعلیمی میدان میں جستجو اور محبت کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق کا بہترین مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ ایس آئی او کی جانب سے یہ مہم تلنگانہ کے ہر شہر میں چلائی جا رہی ہے، تاکہ ہر شہر کے طلبہ و طالبات میں آگے بڑھنے کی جستجو پیدا ہوسکے۔ جلسہ کا آغاز سید سرفراز سکریٹری ایس آئی او یونٹ بھینسہ کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ افتتاحی کلمات حفیظ خان صدر ایس آئی او بھینسہ نے پیش کئے۔ علاوہ ازیں سید خلیل امیر مقامی جماعت اسلامی ہند بھینسہ، شیخ میراں صدر مدرس اقرأ اردو ہائی اسکول، سید اقبال ملاں اور مولانا عظیم الدین فلاحی سکریٹری آندھرا پردیش و اڑیسہ ایس آئی او نے اپنے خطابات کے ذریعہ طلبہ و طالبات کو نصیحت آموز باتوں سے واقف کرایا اور محمد اقبال حسین کو قومی صدر ایس آئی او منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی بچپن کی تعلیمی زندگی اور ان میں موجود صلاحیتوں سے واقف کروایا۔ جلسہ کے دوران جناب محمد اقبال حسین کو یونٹ بھینسہ ایس آئی او کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ بعد ازاں مہم میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کرنے والے اقرأ، اسلامیہ، احمدیہ،کریسنٹ اور گورنمنٹ گرلز اردو ہائی اسکولس کے طلبہ و طالبات میں انعامات اور رقم کی تقسیم جناب محمد اقبال حسین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر منیر بنارسی، عبد البشیر، افروز خاں کے علاوہ اساتدہ شیخ علی عرفانی، عبد الاحد، عبد الیاس، محمد عرفان اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد مجاہد احمد فراز نے مذہبی ترانہ پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سید سرفراز سکریٹری ایس آئی او یونٹ بھینسہ نے انجام دیئے۔