احکام قرآن و سنت پر عمل پیرائی اور پیام حق کو تمام انسانوں تک پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری

شہر کی مختلف مساجد میں جلسہ ہاے فضائل شب برأ ت سے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔14 ؍جون( پریس نوٹ) ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کہا کہ قرآن مجید کے احکام کی تعمیل اور اتباع رسالت ؐ کے ذریعہ مسلمان اپنے دینی تشخص ،عبادات وفرائض، اعلیٰ اخلاق و کردار اور عظمت فکر و نظر کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ بحیثیت خیر الامم ان پر جو ذمہ داریاں ہیں انہیں دین حق اسلام کے پیام توحید و رسالت،اخلاق عظیمہ اور حق و صداقت کو ساری انسانیت بالخصوص اس ملک میں رہنے بسنے والے دیگر برادران وطن تک پہنچا کر، پورا کر سکتے ہیں۔ فرائض و واجبات کی ادائیگی اور رسول اللہ ؐ کی سنتوں پر عمل پیرائی ہر کام پر فوقیت رکھتی ہے اس کا حقیقی احساس ہو جاے تو پھر پورا معاشرہ انوار صالحیت سے تابناک ہو کر انسانی افکار و اعمال میں بسی ظلمتوں کا قلع قمع کر دے گا دعوت و تبلیغ کا یہ عملی ذریعہ سب سے زیادہ موثر ہے ۔ مسلمان اپنے قول و فعل کی سچائی اور اخلاص عمل کے پرکشش وسیلہ سے اوروں کو متوجہ کرے اور اپنی صداقتوں اور اخلاقی خوبیوں سے انہیں قبول حق کی ترغیب دے۔ انہوں نے کہا کہ شب براء ت عفو و کرم کی نوید اور مغفرت و بخشش کی خوش خبری کے ساتھ رونق افروز ہوا کرتی ہے۔ اس شب مبارکہ کی عبادتیں اور بندوں کی اپنے مالک و معبود حقیقی کی بارگاہ سے عفو طلبی اور امید رحمت و مغفرت دراصل نیکوکاروں کے لئے ضمانت بخشش ہے اور یہ رات عاصیوں کے لئے ابواب توبہ وا کرکے انہیں اطاعت و بندگی، نیکی و صالحیت سے زندگی گزارنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے شنبہ۱۳؍جون کو جلسہ ہاے فضائل شب براء ت کے عظیم اجتماعات سے جو قبل نماز جمعہ جامع مسجد محبوب شاہی ،مالاکنٹہ روڈ، روبرومعظم جاہی مارکٹ اور مسجد حسینی روڈ نمبر ۳ بنجارہ ہلز،بعد نماز عصر مسجد سید عبد الرزاق شاہ کمیلہ روڈ ضیاء گوڈہ، بعد نماز مغرب مسجدرضیہ حسین، شرفی چمن، قبل نماز عشاء مسجد حضرت سیدہ فاطمہ زہرا ؑ جھرہ آصف نگر روڈ ،بعد نماز عشاء مسجد ممتاز منشن لکڑی کا پل سیف آباد، مسجد حسینی روڈ نمبر ۳ بنجارہ ہلز،مسجد قادریہ احمد نگر فرسٹ لانسر، جامع مسجد جعفری صنعت نگر، مسجد کلاں قلعہ گولکنڈہ اور مسجد نورانی فتح دروازہ گولکنڈہ میں منعقد ہوے تھے ،خطاب کرتے ہوے کہا کہ خالق کائنات معبود بر حق اللہ تعالیٰ کی عبادات نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کے ذریعہ کیا جانا تمام اچھائیوں، نیکیوں ،خوبیوں اور بھلائیوں سے کہیں زیادہ اہم اور فضیلت رکھتی ہیں۔اس کے ساتھ جملہ احکام قرآنی کی تعمیل اور رسول اللہ ؐ کے ارشادات پر عمل کرنا سنتوں کو ہر حال میں اپنانا، شرع شریف کی پابندی ہر مسلمان پر ہمیشہ لازمی ہے اسی میں فلاح و سعادت مضمر ہے مخلوق خدا کی خدمت، والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی فرمانبرداری، صلہ رحمی، فکر و عمل کی پاکیزگی اور دوسروں کی خیر خواہی درحقیقت ایک سچے اور اچھے مسلمان کی منفرد پہچان ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ شب براء ت ان تمام خوبیوں کی یاد دہانی کرواتی ہے اور آئندہ کے لئے ان پر عمل پیرائی کا عہد واثق لیتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے شب قدر کو پوشیدہ رکھا ہے اور شب براء ت کو ظاہر فرمادیا ہے۔ رات کو دن پر ایک گونا فضیلت ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ شب براء ت میں ہر حکمت والا معاملہ حکم الٰہی سے طے ہوتا ہے۔ دراصل یہ فیصلہ والی رات ہے۔ پیدائش و اموات، رزق، عزت و دولت، حج اور ہونے والے واقعات تمام امور لوح محفوظ سے نقل کر کے متعلقہ فرشتوں کے حوالے کر دئیے جاتے ہیں۔ انھو ںنے کہا کہ شعبان المعظم کے شرف کے لئے یہ فرمان نہایت اہم ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا یہ میرا مہینہ ہے ۔اس ماہ کی پندرھویں شب حضور اکرمؐ رات گئے بقیع تشریف لے گئے اور دعا فرمائی۔ اس شب مبارکہ حضور اکرم ؐنے قیام فرمایا اوربنو کلب کی بکریوں کے کھالوں پر جتنے بال ہیں ان سے زیادہ عاصیوں کی مغفرت کی نوید بارگاہ حق تعالیٰ سے پاکر سجدہ شکر بجا لایا۔ انھوں نے کہا کہ مسجدوں میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی ستائیس درجہ زیادہ اجر و ثواب کی موجب ہے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس ماہ مبارک کی آمد پر اظہار مسرت ایمان کی علامت ہے۔ شب براء ت مرحومین کے لئے دعاے مغفرت سے خاص ہے۔ تمام جلسوں میں سامعین کی کثیر تعداد نے رات دیر گئے تک نہایت ذوق و اطمنان کے ساتھ خطابات سماعت کئے۔ ہر خطاب کے بعدبارگاہ رسالت مآبؐ میں صلوۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔