لکھنؤ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یوتھ کانگریس کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے کسان ستیہ گرہ کرنے والے اس کے احتجاجی ارکان کو منتشر کرنے کیلئے غیرمتناسب طاقت کا استعمال کیا۔ احتجاجیوں کی قیادت صدر یوتھ کانگریس یو پی انکت پریہار کررہے تھے۔ کارکن مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی قیامگاہ تک جلوس کی شکل میں جاکر انہیں یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ کئی افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ ایک صحافتی بیان میں ذرائع ابلاغ کے انچارج برائے یوتھ وینگ اونیش شرما نے دعویٰ کیا کہ کل ہند یوتھ کانگریس کے سکریٹری بی وی سرینواس اور دیگر نے ستیہ گرہ میں حصہ لیا تھا۔ شکلا نے الزام عائد کیا کہ پولیس لاٹھی چارج سے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ بعدازاں سینکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا اور انہیں پولیس لائنس منتقل کرلیا گیا۔